شیطان کے متعلق چند مشہور باتیں

شیطان کے متعلق چند مشہور باتیں

سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ شیطان 80000 سال تک جنت کا خزانچی رہا۔ شیطان 80000 سال تک فرشتوں کا ساتھی رہا۔ شیطان 80000 سال تک مقربین کا سردار رہا۔ 14000 سال تک کعبہ کا طواف کرتا رہا۔ پہلے آسمان پر اس کا نام عابد تھا۔ دوسرے آسمان پر اس کا نام زاہد تھا۔ تیسرے آسمان پر اس کا نام عارف تھا۔ چوتھے آسمان پر اس کا نام ولی تھا۔ پانچویں آسمان پر اس کا نام حازن تھا۔ حضرت، جتنی باتیں مذکور ہیں یہ سب درست ہیں۔ قرآن و حدیث کی روشنی میں دلائل کے ساتھ بتفصیل جواب ارشاد فرما دیں ۔

User ID:اظہر حسین

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

شیطان کے متعلق جو باتیں پوچھی گئی ہیں اس کا بیان کتب میں کچھ یوں موجود ہے چنانچہ عجائب القرآن میں تفسیر صاوی کےحوالے سے منقول ہے :’’ابلیس جس کو شیطان کہا جاتا ہے۔ یہ فرشتہ نہیں تھا بلکہ جن تھا جو آگ سے پیدا ہوا تھا۔ لیکن یہ فرشتوں کے ساتھ ساتھ ملا جلا رہتا تھا اور دربارِ خداوندی میں بہت مقرب اور بڑے بڑے بلند درجات و مراتب سے سرفراز تھا۔ حضرت کعب احبار رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ ابلیس چالیس ہزار برس تک جنت کا خزانچی رہا اور اَسّی ہزار برس تک ملائکہ کا ساتھی رہا اور بیس ہزار برس تک ملائکہ کو وعظ سنا تا رہا اور تیس ہزار برس تک مقربین کا سردار رہا اور ایک ہزار برس تک روحانیین کی سرداری کے منصب پر رہا اور چودہ ہزار برس تک عرش کا طواف کرتا رہا اور پہلے آسمان میں اس کا نام عابد اور دوسرے آسمان میں زاہد، اور تیسرے آسمان میں عارف اور چوتھے آسمان میں ولی اور پانچویں آسمان میں تقی اور چھٹے آسمان میں خازن اور ساتویں آسمان میں عزازیل تھا اور لوح محفوظ میں اس کا نام ابلیس لکھا ہوا تھا اور یہ اپنے انجام سے غافل اور خاتمہ سے بے خبر تھا۔

(تفسیر صاوی، ج۱،ص۵۱،پ۱، البقرۃ : ۳۴، تفسیر جمل ،ج۱ ،ص ۶۰ )

(عجائب القرآن مع غرائب القرآن ، صفحہ 254)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

مولانا انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ

29جمادی الاخریٰ 1444ھ/ 12جنوری 2024 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں