عصر کے بعد مکروہ وقت سے قبل سجدہ شکر ادا کرنا

عصر کے بعد مکروہ وقت سے قبل سجدہ شکر ادا کرنا

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ عصر کے بعد مکروہ وقت سے قبل سجدہ شکر ادا کرنا کیسا ہے؟

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

نماز عصر کے بعد سجدہ شکر کرنا مطلقاً مکروہ تحریمی ، ناجائز و گناہ ہے ۔کہ یہ سجدہ نفل کہ حکم میں ہے اور جِن جِن اَوقات میں نوافل پڑھنا مَکروہ ہے ان اَوقات میں یہ سجدہ کرنا بھی مکروہ ہوگا۔

علامہ ابن عابدین شامی رحمہ اللہ سجدہ شکر کے نفل کے حکم میں ہونے کے بارے لکھتے ہیں :

” فتحصل من كلام النهر مع كلام القنية أنها تصح مع الكراهة: أي لأنها في حكم النافلة“

ترجمہ : نہر اور قنیہ کے کلام کا حاصل یہ ہے کہ یہ (سجدہ شکر ) کراہت کے ساتھ جائز ہے یعنی اس لئے کہ یہ نفل کے حکم میں ہے ۔ ( رد المحتار مع در مختار ، کتاب الصلاۃ ، جلد 1 ، صفحہ 371، دار الکتب العلمیہ بیروت)

تنویر الابصار و در مختار میں ہے:

” وكره نفل بعد صلاة فجر و صلاة عصر لا يكره قضاء فائتة و سجدة تلاوة ملخصًا “

ترجمہ : نفل نماز فجر اور نماز عصر کے بعد مکروہ ہےاور فوت شدہ نمازوں کی قضا کرنا اور سجدہ تلاوت کرنا مکروہ نہیں، نماز فجر اور نماز عصر کے بعد۔ (تنویر الابصار و در مختار ، کتاب الصلاۃ ،جلد 1، صفحہ 375، دار الکتب العلمیہ بیروت)

علامہ ابن عابدین شامی رحمۃ اللہ علیہ قنیہ کے حوالہ سے سجدہ شکر کے متعلق فرماتے ہیں:

” یکرہ ان یسجد شکرا بعد الصلاۃ فی الوقت الذی یکرہ فیہ النفل ولایکرہ فی غیرہ …فتحصل من كلام النهر مع كلام القنية أنها تصح مع الكراهة: أي لأنها في حكم النافلة“

ترجمہ :نماز کے بعد سجدہ شکر کرنا مکروہ ہے اس وقت میں جس میں نفل نماز پڑھنا مکروہ ہے اس کے علاوہ میں مکروہ نہیں۔ ( رد المحتار مع در مختار ، کتاب الصلاۃ ، جلد 1 ، صفحہ 371، دار الکتب العلمیہ بیروت)

سیدی اعلی حضرت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃا لرحمن سے سوال ہواکہ نماز عصر اور فجر کے بعد سجدہ کرنا ، جائز ہے یا نہیں؟ اس کے جواب میں ارشاد فرمایا:

” جائز ہے مگر جب عصر میں وقت کراہت آجائے تو قضا بھی جائز نہیں اور سجدہ مکروہ اگر چہ سہو یا تلاوت کا ہو اورسجدہ شکر تو بعد نماز فجر وعصر مطلقاََ مکروہ ۔“ (فتاوی رضویہ،ج05،ص330،مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن ،لاھور)

سجدہ شکر کے اس وقت میں مکروہ تحریمی ہونے کے بارے میں مفتی فضیل صاحب مد ظلہ العالی لکھتے ہیں :

” نماز عصر کے بعد سجدہ شکر کرنا مطلقا مکروہ تحریمی،ناجائز و گناہ ہے۔“

(فتویٰ نمبر ، 4102۔Har ، اجراء 2 جمادی الثانی1441ھ ،28/02022ء )

واللہ اعلم و رسولہ اعلم عزوجل و صلی اللہ علیہ وسلم

کتبہ

ارشاد حسین عفی عنہ

09/05/2023

اپنا تبصرہ بھیجیں