نکاح پڑھانےکاطریقہ

نکاح پڑھانےکاطریقہ

سوال:نکاح پڑھنے کاصحیح طریقہ کیا ہےاورپڑھانےوالے کو کچھ لفظ سمجھنےاورسننے میں نہ آئیں تو کیا کرنا چاہئے؟

سائل:صابر علی

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

نکاح پڑھانے کیلیے نکاح خواں کے نام کی،لڑکی سے وکالت لے لی جائے مثلاً لڑکی اپنا اور والد کا نام لے کر کہے کہ میں فلاں بن فلاں کے ساتھ اتنے مہر پر اپنے نکاح کا فلاں قاری صاحب کو وکیل کرتی ہوں پھرپہلے خطبہ پڑھا جائے کہ یہ مستحب ہے، پھر نکاح خواں کم ازکم دو مسلمان مردوں یا ایک مسلمان مرداور دو مسلمان عورتوں کی موجودگی میں دولہا سے یوں کہے میں نے مذکورہ گواہوں کی موجودگی میں اپنی مؤکلہ فلانہ بنت فلاں مثلا ہندہ بنت زید کا اتنے حق مہر کے بدلے میں تجھ سے نکاح کیا، یا اسے تیرے نکاح میں دیا لڑکا کہے میں نے قبول کیا اور یہ ایجاب و قبول ایک وقت میں تمام گواہ سن اور سمجھ لیں تو نکاح درست ہوگیا۔ایجاب و قبول سے پہلے لڑکا لڑکی دونوں کلمے اور درود پاک پڑھ لیں یہ اچھا عمل ہے۔نکاح پڑھانے والے کو کچھ الفاظ سننے یا سمجھنے میں نہ آرہے ہوں تو لکھ کر دے دئے جائیں تاکہ ادائیگی میں آسانی ہو یا ایجاب و قبول کسی اور کےذریعےسےکرا لیا جائےجوسُن اور سمجھ رہاہو۔

بہار شریعت میں ہے:” نکاح میں یہ امور مستحب ہیں: 1علانیہ ہونا۔2 نکاح سے پہلے خطبہ پڑھنا، کوئی سا خطبہ ہو اور بہتر وہ ہے جو حدیث میں وارد ہوا۔3 مسجد میں ہونا۔4 جمعہ کے دن۔ ایجاب و قبول میں ماضی کا لفظ (یعنی ایسالفظ جس میں زمانہ ماضی کامعنی پایاجائے)ہونا ضروری ہے، مثلاً یوں کہے کہ میں نے اپنا یا اپنی لڑکی یا اپنی موکلہ(وکیل بنانے والی) کا تجھ سے نکاح کیا یا اِن کو تیرے نکاح میں دیا، وہ کہے میں نے اپنے ليے یا اپنے بیٹے یا مؤکل(وکیل بنانے والا) کے ليے قبول کیا یا ایک طرف سے امر کا صیغہ ہو (یعنی ایسالفظ جس میں حکم کامعنی پایاجائے)دوسری طرف سے ماضی کا، مثلاً یوں کہ تو مجھ سے اپنا نکاح کر دے یا تو میری عورت ہو جا، اُس نے کہا میں نے قبول کیا یا زوجیت میں دیا ہو جائے گا۔ نکاح کے ليے چند شرطیں ہیں:1 عاقل ہونا۔ مجنوں یاناسمجھ بچہ نے نکاح کیا تو منعقد ہی نہ ہوا۔ 2 بلوغ۔ نابالغ اگر سمجھ وال ہے تو منعقد ہو جائے گا مگر ولی کی اجازت پر موقوف رہے گا۔ 3 گواہ ہونا۔ یعنی ایجاب و قبول دو مرد یا ایک مرد اور دو عورتوں کے سامنے ہوں۔ گواہ آزاد، عاقل، بالغ ہوں اور سب نے ایک ساتھ نکاح کے الفاظ سُنے۔ جو پڑھائے وہ عورت یا اُس کے ولی کا وکیل بنے(یا پھر عورت کا وکیل اس بات کی بھی اجازت حاصل کرے کہ وہ نکاح پڑھانے کے لیے دوسرے کو وکیل بناسکتا ہے) خواہ یہ خود اُس کے پاس جا کر وکالت حاصل کرے یا دوسرا اس کی وکالت کے ليے اذن لائے کہ فلاں بن فلاں بن فلاں کو تُو نے وکیل کیا کہ وہ تیرا نکاح فلاں بن فلاں بن فلاں سے کر دے۔ عورت کہے ہاں۔”

(بہارشریعت،جلد2،صفحہ5،7،11،15،مکتبۃ المدینہ،ملتقطاً)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری

7 محرم الحرام 8144ھ/23 جون 6202 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں