ایک رکعت بھی نہ پڑھی تھی کہ فجر کا وقت شروع ہوگیا

کیا فرماتے علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ تہجد کی نماز شروع کی ابھی ایک رکعت بھی نہ پڑھی تھی کہ فجر کا وقت شروع ہوگیا کیا یہ دو رکعتیں سنت فجر شمار ہوں گی؟

     بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

    الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

         بیان کی گئی صورت میں یہ رکعتیں تہجد کی شمار ہوں گے سنت فجر کی نہیں کیونکہ  سنت فجر کے لیے  ضروری  ہے کہ اس کی ابتدا فجر کا وقت شروع ہونے کے بعد  ہو۔

         در مختار میں تحریمہ کی شرائط کے حوالے سے ہے :

       شروط لتحريم حظيت بجمعها،،،دخول لوقت واعتقاد دخوله ۔

    ترجمہ : تحریمہ کے لئے کچھ شرائط ہیں جن کو میں نے جمع کیا ہے(ان میں سے ایک ) وقت کا داخل ہونا اور اس کے داخل ہونے کا اعتقاد ہونا ہے ۔

       ( در مختار مع حاشیہ شامی، مطلب قد یطلق الفرض علی ما یقابل الرکن  ،، جلد 1 ، صفحہ 452 ،دار الکتب العلمیہ بیروت)

    تکبیر تحریمہ وقت کے اندر ہونا ہی ادا ہے  کے اس حوالے سے  در مختار میں ہے:

         الأداء فعل الواجب في وقته وبالتحريمة فقط بالوقت يكون أداء عندنا۔

   ترجمہ : وقت کے اندر واجب کو بجالانا اداء کہلاتا ہے اور ہمارے نزدیک وقت کے اندر صرف تحریمہ کا ہونا ہی ادا ہے ۔

      ( در مختار مع رد المحتار ، کتاب الصلوٰۃ ، باب قضاء الفوائت ، جلد 2 ، صفحہ 628 ، مطبوعہ کوئٹہ )

    فتاوی رضویہ شریف ایک سوال کے جواب میں ہے :

     سوال: مغرب غروبِ آفتاب سے پہلے شروع کی اور نماز پڑھتے ہی میں آفتاب غروب ہوگیا تو نماز ہوئی یا نہیں؟ جواب : اگر ایك نقط بھر کنارہ شمس غروب کو باقی ہے اوراس نے مغرب کی تکبیر تحریمہ کہی نماز نہ ہوگی۔

     (  فتاوی رضویہ ، جلد 5 ، صفحہ 332 ، رضا فاؤنڈیشن لاہور)

      سنتِ فجر وقت سے پہلے جائز نہیں اس حوالے سے عالمگیری میں ہے:

     ولا يجوز أداؤهما قبل طلوع الفجر۔

    ترجمہ : یعنی دونوں(سنت فجر) کی ادائیگی طلوعِ فجر سے پہلے جائز نہیں ہے ۔

    ( فتاوی عالمگیری  ،الباب التاسع فی النوافل  ،جلد 1، صفحہ 112، دار الکتب العلمیہ بیروت)

      بہار شریعت میں ہے:

     طلوع فجر سے پہلے سنت فجر جائز نہیں  اور طلوع میں  شک ہو جب بھی ناجائز۔

      ( بہار شریعت ،جلد 1 ، حصہ چہارم ، سنن و نوافل کا بیان ، صفحہ 669، مکتبۃ المدینہ کراچی)

       واللہ اعلم و رسولہ اعلم عزوجل و صلی اللہ علیہ وسلم

     کتبہ

    ارشاد حسین عفی عنہ

    28 رمضان المبارک 1444ھ

  19/04/2023

اپنا تبصرہ بھیجیں