قوموں کی ہلاکت کی وجہ

قوموں کی ہلاکت کی وجہ

فتویٰ975:

کیا یہ بات درست ہے کہ قرآن پاک میں جتنی قوموں کی تباہی کا ذکر ہے ان میں کسی کی بربادی کی وجہ نماز روزہ میں کو تاہی نہیں تھی بلکہ کم تولنا، لواطت وغیر ہ حق العبد میں کو تاہی تھی ؟

سائل : عبد القدیر

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

قرآن پاک میں مختلف قوموں کی برائیوں کا ذکر ہے اور انہی برائیوں کو ان کی تباہی کا سبب بتایا گیا ہے ، لیکن ایسا نہیں که صرف حق العبد ضائع کرنے کے سبب وہ برباد ہوئے بلکہ بنیادی سبب اللہ کی نافرمانی تھا۔ ان کا شرک ، گمراہی، ایمان نہ لانا اور ساتھ ہی ساتھ اللہ پاک کی عبادت کی طرف مائل نہ ہونا بھی ان کی بربادی کی وجوہات میں شامل ہے۔ اللہ پاک فرماتا ہے: ” مَا سَلَكَكُمْ فِیْ سَقَرَ(42)قَالُوْا لَمْ نَكُ مِنَ الْمُصَلِّیْنَ(43)وَ لَمْ نَكُ نُطْعِمُ الْمِسْكِیْنَ(44) “ ترجمہ: کون سی چیز تمہیں دوزخ میں لے گئی ؟ وہ کہیں گے: ہم نمازیوں میں سے نہیں تھے ۔ اور مسکین کو کھانا نہ دیتے تھے۔

(مدثر : 43)

تفسیر : ” جنتی کافروں سے ان کا حال پوچھیں گے کہ تمہیں کون سی چیز دوزخ میں لے گئی ؟ وہ انہیں جواب دیتے ہوئے کہیں گے : ہم دنیا میں نماز پڑھنے والوں میں سے نہیں تھے کیونکہ ہم نماز کے فرض ہونے کا اعتقاد نہیں رکھتے تھے اور مسلمانوں کی طرح مسکین پر صدقہ نہیں کرتے تھے اور اللہ تعالیٰ کی آیات کے بارے میں بیہودہ فکر کرنے والوں کے ساتھ بیٹھ کر بیہودہ باتیں سوچتے تھے اور ان کے بارے میں جھوٹی باتیں بولتے تھے اور ہم انصاف کے اس دن کو جھٹلاتے رہے جس میں اعمال کا حساب ہو گا اور ان کی جزا دی جائے گی، یہاں تک کہ ہمیں موت آئی اور ہم ان مذموم افعال کی وجہ سے ہمیشہ کے لئے جہنم میں داخل ہو گئے۔“

(صراط الجنان، جلد 10 ، صفحہ 426)

و الله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم

ابوالبنات فر از عطاری مدنی

17 جمادی الاخر 1445 ھ/ 31دسمبر 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں