عورت کا بغیر زیور نماز پڑھنا
فتویٰ665:
ہماری استانی صاحبہ نے بتایا کہ بی بی عائشہ کا قول ہے کہ عورت بغیر زیور نماز پڑھے تو مکروہ ہے ایسا کچھ ہے؟
سائل : بنت ذیشان
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
قدرت ہونے کے باوجود عورت کا بالکل بغیر زیور رہنا شر عانا پسندیدہ ہے، یہاں تک کہ عورت کو نماز میں بھی کچھ نا کچھ زیور پہننے کی ترغیب دلائی گئی کیونکہ بغیر زیور رہنے میں مردوں سے مشابہت ہے لیکن یہ بے زیور نماز پڑھنا نماز کے مکروہات میں سے نہیں۔ اس سے متعلق حضور ﷺ کی حدیث بھی ہے اور بی بی عائشہ رضی اللہ عنہ کا فرمان بھی موجود ہے۔ لیکن یاد رہے عورت کو ایسے زیور پہننے کی اجازت نہیں جس کی آواز نامحرم مردوں تک پہنچے ۔ فتاوی رضویہ میں ہے: ” بلکہ عورتوں کا باوصف قدرت بالکل بے زیور رہنا مکروہ ہے کہ مردوں سے تشبہ ہے۔۔۔ حدیث میں ہے رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے مولی علی کرم اللہ وجہہ سے فرمایا : اے علی ! اپنے مخدرات کو حکم دو کہ بے گہنے نماز نہ پڑھیں۔ ام المومنین صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا عورت کا بے زیور نماز پڑھنا مکروہ جانتیں اور فرماتیں ” کچھ نہ پائے تو ایک ڈورا ہی گلے میں باندھ لے۔“
(فتاوی رضویہ ، جلد 22 ، صفحہ 126)
والله اعلم عز و جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابو البنات فر از عطاری مدنی
03 شعبان المعظم 1445ھ / 14 فروری 2024 ء