بہنوئی کے ساتھ شرعی سفر
فتویٰ656:
کیا عورت اپنے بہنوئی کے ساتھ عمرہ پر جاسکتی ہے ؟
سائل : محمد انور رضا
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
عورت کا بہنوئی اس کے لئے نامحرم ہے اور عورت بغیر شوہر یا محرم جو بالغ یا مراہق (کم از کم 12 سال کا لڑکا) ہو اور قابل اعتماد غیر فاسق ہو ، شرعی سفر نہیں کر سکتی ، لہذا عورت کا بہنوئی کے ساتھ شرعی سفر کر کے عمرہ پر جانا جائز نہیں۔ فتاوی رضویہ میں ہے: ”بہنوئی کا حکم شرع میں بالکل مثل حکم اجنبی ہے بلکہ اس سے بھی زائد کہ وہ جس بے تکلفی سے آمد و رفت نشست و برخاست کر سکتا ہے غیر شخص کی اتنی ہمت نہیں ہو سکتی۔ الخ “
(فتاوی رضویہ، جلد 22 ، صفحه 237)
مفتی امجد علی اعظمی رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں: ” عورت کو بغیر محرم کے تین دن یا زیادہ کی راہ جانا ناجائز ہے بلکہ ایک دن کی راہ جانا بھی۔ نابالغ بچہ یا معتوہ کے ساتھ بھی سفر نہیں کر سکتی ، ہمراہی میں بالغ محرم یا شوہر کا ہونا ضروری ہے۔ محرم کے لیے ضرور ہے کہ سخت فاسق بے باک غیر مامون نہ ہو۔ “
(بہار شریعت جلد 1 ، حصہ 4، صفحہ 752)
و الله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
ابو البنات فر از عطاری مدنی
19 جمادی الاخر 1445ھ/02 جنوری 2024 ء