یہودی جبریل علیہ السلام کو دشمن سمجھتے ہیں

یہودی جبریل علیہ السلام کو دشمن سمجھتے ہیں

فتویٰ993:

کیا یہودی جبریل علیہ السلام کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں؟

سائل : وقار احمد لاکھو

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

یہودی اپنی بد باطنی کی وجہ سے حضرت جبریل علیہ السلام کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں۔ اللہ کریم نے قرآن پاک میں فرمایا: ” قُلْ مَنْ كَانَ عَدُوًّا لِّجِبْرِیْلَ فَاِنَّهٗ نَزَّلَهٗ عَلٰى قَلْبِكَ بِاِذْنِ اللّٰهِ مُصَدِّقًا لِّمَا بَیْنَ یَدَیْهِ وَ هُدًى وَّ بُشْرٰى لِلْمُؤْمِنِیْنَ “ترجمہ : اے محبوب ! تم فرمادو : جو کوئی جبرئیل کا دشمن ہو ( تو ہو ) پس بیشک اس نے تو تمہارے دل پر اللہ کے حکم سے یہ اتارا ہے، جو اپنے سے پہلے موجود کتابوں کی تصدیق فرمانے والا ہے اور ایمان والوں کے لئے ہدایت اور بشارت ہے۔

(البقره:97)

تفسیر : ” یہودیوں کے ایک گروہ نے حضور سید المرسلین ﷺ سے کہا: آپ کے پاس آسمان سے کون فرشتہ آتا ہے ؟نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا ”میرے پاس حضرت جبرئیل علیہ السلام آتے ہیں۔ ابنِ صور یا یہودی پیشوا نے کہا: وہ ہمارا دشمن ہے ، عذاب، شدت اور زمین میں دھنسانا وہی اتارتا ہے اور پہلے بھی کئی مرتبہ ہم سے دشمنی کر چکا ہے اگر آپ ﷺ کے پاس حضرت میکائیل علیہ السلام آتے تو ہم آپ ﷺ پر ایمان لے آتے۔ یہودیوں کی یہ بات سراسر جہالت تھی کیونکہ حضرت جبرئیل علیہ السلام تو جو چیز بھی لائے وہ اللہ تعالی کے حکم سے تھی تو حقیقت میں یہ اللہ تعالی سے دشمنی تھی، بلکہ اگر یہودی انصاف کرتے تو حضرت جبریل امین علیہ السلام سے محبت کرتے اور ان کے شکر گزار ہوتے کہ وہ ایسی کتاب لائے جس سے ان کی کتابوں کی تصدیق ہوتی۔ “

( صراط الجنان، جلد 1 ، صفحہ 171)

و الله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم

ابو البنات فر از عطاری مدنی

04 ذو القعدة الحرام 1445ھ/ 13 مئی 2024ء

اپنا تبصرہ بھیجیں