یہودیوں کا ذبیحہ
فتویٰ967:
یہودیوں کا ذبیحہ حلال کیوں ہے؟
سائل : گوہر خان
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
یہودیوں کا ذبیحہ حلال ہونے کی بنیادی وجہ اللہ پاک کا حکم ہے کہ قرآن میں صراحت کے ساتھ اس کو حلال قرار دیا ہے لیکن آج کل کے یہودیوں کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ ہر جانور کے ذبح پر اللہ کا نام نہیں لیتے لہذا عمومی حکم حرام ہونے کا ہے، ہاں اگر خاص کسی جانور کے بارے میں معلوم ہو یا پہلا جانور اللہ کا نام لے کر ذبح کیا ہو اور پتا تو وہ حلال ہو گا۔ اللہ پاک فرماتا ہے: ” وَ طَعَامُ الَّذِیْنَ اُوْتُوا الْكِتٰبَ حِلٌّ لَّكُمْ۪ “ ترجمہ : اور کتابیوں کا کھانا تمہارے لیے حلال ہے۔
(المائدہ:5)
تفسیر : ” اہل کتاب کا ذبح کیا ہوا جانور بھی مسلمانوں کیلئے حلال ہے خواہ یہودی ذبح کرے یا عیسائی، یونہی مرد ذبح کرے یا عورت یا سمجھدار بچہ ۔ لیکن یہ یاد رکھنا نہایت ضروری ہے کہ ان اہل کتاب کا ذبیحہ حلال ہے جو واقعی اہل کتاب ہوں، موجودہ زمانے میں عیسائیوں کی بہت بڑی تعداد دہر یہ اور خدا کے منکر ہو چکے ہیں لہذا نہ ان کا ذبیحہ حلال ہے اور نہ عورتیں۔ “
(صراط الجنان، جلد 2، صفحہ 286)
مفتی نظام الدین مصباحی اطال اللہ عمرہ لکھتے ہیں : ”یہود کے ہاں آج بھی جانوروں کے ذبح کا تصور پایا جاتا ہے مگر وہ مسلمانوں کی طرح ہر جانور کے ذبح پر اللہ کا نام نہیں لیتے ہیں اس لئے ان کے ذبح کئے ہوئے جانور عموما حرام ہیں مگر یہ کہ معلوم ہو کہ فلاں جانور سب سے پہلے ذبح ہوا ہے یا خاص جانور کے ذبح پر اللہ کا نام لیا ہے۔“
(مشینی ذبیحہ کا حکم ، صفحہ 91، مکتبہ بركات المدينه )
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
أبو البنات فر از عطاری مدنی
19 جمادی الاول 1445 ھ/04 دسمبر 2023ء