کیا طلاق رجعی کے بعد رجوع کے لیے گواہوں کا ہونا ضروری ہے؟
سوال: اگر کوئی شخص اپنی بیوی کو ایک طلاق دے، اس سے پہلے کبھی طلاق نہ دی ہو، اس کے بعد وہ رجوع کرنا چاہے، تو اس کے لیے گواہ ضروری ہیں یا نہیں۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
پوچھی گئی صورت میں رجوع پر گواہ بنانا ضروری نہیں، کہ طلاق رجعی میں بغیر گواہوں کے رجوع صحیح ہے، البتہ گواہ بنا لینا مستحب ہے، تاکہ بعد میں انکار و اختلاف کی نوبت نہ آئے۔
الھدایۃ شرح بدایۃ المبتدی میں ہے: “(ویستحب ان یشھد علی الرجعۃ شاھدین فان لم یشھد صحت الرجعۃ)۔۔۔الا انھا تستحب لزیادۃ الاحتیاط کی لایجری التناکر فیھا” ترجمہ اور رجعت (طلاق رجعی کے بعد عدت کے اندر بیوی سے رجوع کرنے) پر دو گواہوں کو گواہ بنانا مستحب ہے، لیکن اگر شوہر گواہ نہ بنائے تو بھی رجوع صحیح ہو جائے گا۔۔۔مگر زیادہ احتیاط کے پیش نظر گواہ بنانا مستحب ہے، تاکہ رجعت میں باہمی انکار و اختلاف جاری نہ ہو۔ (الھدایۃ شرح بدایۃ المبتدی، کتاب الطلاق، باب الرجعۃ، جلد2، صفحہ980، مطبوعہ المکتبۃ البشری)
واللہ تعالی اعلم بالصواب
کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی
10جمادی الاولی 1448ھ 21 اکتوبر 2026ء