کسی شخص کو اللہ تعالی کا عاشق کہنا کیسا؟
سوال: کیا ہم کہہ سکتے ہیں، فلاں شخص اللہ تعالیٰ کا عاشق ہے یا ہم اللہ عزوجل سے عشق کرتے ہیں، حوالہ لازمی ہو۔
یوزر آئی ڈی: طارق بھائی
بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
عشق انتہائی درجے کی محبت کا نام ہے، لہذا جو شخص اللہ تعالی کی محبت میں پختہ ہو جائے اور اللہ تعالی کے ذکر و اطاعت میں مشغول رہے تو اس کو اللہ تعالی کا عاشق کہنا جائز ہے۔
الانتصاف علی الکشاف میں ہے: “فالمحبۃ فی اللغۃ اذا تاكدت سميت عشقا فمن تاكدت محبته للہ تعالى وظهرت آثار تاكدها عليہ من استيعاب الاوقات فی ذكره وطاعتہ فلا يمنع ان تسمی محبتہ عشقا اذ العشق ليس الا المحبة البالغۃ”پس محبت لغت میں جب پختہ ہو جائے، تو اسے عشق کہا جاتا ہے۔ پس جو شخص اللہ تعالیٰ سے محبت میں پختہ ہو جائے اور اس پختگی کے آثار اس پر ظاہر ہوں، جیسے ہر وقت اللہ کے ذکر اور اس کی اطاعت میں مشغول رہنا، تو اس کی محبت کو عشق کہنا منع نہیں ہے، کیونکہ عشق تو صرف انتہائی درجے کی محبت کا نام ہے۔
(الانتصاف علی الکشاف، سورۃ المائدہ، تحت آیت54، جلد1، صفحہ646، مطبوعہ دار الریان للتراث)
واللہ تعالی اعلم بالصواب
کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی
18 ربیع الآخر 1448ھ 1 اکتوبر 2026ء