پاکی کے ایام کی مدت
فتویٰ657:
جس طرح عورتوں کے ناپاکی کے مخصوص ایام ہوتے ہیں کیا پاکی کے بھی مخصوص ایام ہیں؟
سائل : محمد یونس
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
حیض کی کم سے کم مدت 3 دن اور 3 راتیں ہیں اور زیادہ سے زیادہ 10 دن رات۔ دو حیضوں کے در میان 15 دن پاکی کے ایام گزرنے ضروری ہیں، اس سے پہلے دوبارہ حیض نہیں ہو سکتا۔ پاکی کے کوئی متعین ایام نہیں، ایسا بھی ممکن ہے کہ کسی کو ساری عمر حیض نہ آئے اور وہ عمر بھر پاک رہے، یا ایک دو بار حیض آکر پھر کبھی حیض نہ آئے۔ مفتی ساجد صاحب لکھتے ہیں: ”شرعی طور پر ایک حیض کے بعد دوسرا حیض اس کے متصل نہیں ہو سکتا، بلکہ درمیان میں کچھ ایام کا فاصلہ ہوتا ہے جسے طہر یا پاکی کا زمانہ کہا جاتا ہے۔ اس طہر کی زیادہ سے زیادہ تو کوئی حد متعین نہیں ہے، لیکن کم از کم حد شرعی طور پر 15 دن متعین ہے جیسا کہ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا: ”اقل الحیض ثلاث و اکثر عشر واقل ما بین الحیضتین خمسة عشر يوما “ترجمه: کم از کم حیض تین( دن رات) اور زیادہ سے زیادہ دس( دن رات) ہوتا ہے۔ اور دو حیضوں کے در میان کم از کم مدت پندرہ دن ہے۔“
(خواتین کے مخصوص مسائل، صفحہ22)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابو البنات فر از عطاری مدنی
28 جمادی الاخر 1445 ھ/ 11 جنوری 2024 ء