وظیفہ کےسبب نماز چھوڑنا

وظیفہ کےسبب نماز چھوڑنا

سوال:وظیفہ کرتے ہوئےنماز قضاہو جائےتو کیاوظیفہ قبول ہوگا؟

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

 وظیفہ کے سبب نمازچھوڑنےکی ہرگزاجازت نہیں کیونکہ نمازخودعظیم وظیفہ اور اہم فرض ہے، جسے بِلاعذر چھوڑنا گناہ کبیرہ اور فسق ہے۔یہ شیطان کادھوکہ ہے کہ فرض عبادت چھوڑاکر نفلی عبادت میں مشغول کردیتاہے۔وظیفہ کےسبب نمازجیسا اہم فرض چھوڑا توکیااللہ پاک راضی ہوگا؟بلکہ وظیفہ قبول نہ ہو گا مروی ہےکہ جو فرض ادا نہ کرے تو اس کے نفل قبول نہیں۔ لہذا فرائض کی ادائیگی کےساتھ اَورادو وَظائف پڑھےجائیں تاکہ ادائیگئ فرض کے ساتھ وظائف کی برکات بھی حاصل ہوں۔

سیدی اعلی حضرت علیہ رحمۃ رب العزت فرماتےہیں:”جو وظیفہ پڑھے اور نماز نہ پڑھے فاسق و فاجر مرتکب کبائر ہے اُس کا وظیفہ اس کے منہ پر مارا جائے گا، ایسوں ہی کوحدیث میں فرمایا:”کم من قارئ یقرأن والقراٰن یلعنہ”والعیاذباﷲ تعالٰی۔ بہتیرے قرآن پڑھتے ہیں اور قرآن انھیں لعنت کرتا ہے، (المدخل للعبدری،الکلام علی جمع القرآن،1/ 85مطبوعہ دارالکتاب العربیۃ بیروت)۔” (فتاوی رضویہ،ج6،مسئلہ445،رضافاؤنڈیشن لاہور)

مزید ایک مقام پرفرمایا:”شیطان کا بڑا دھوکا ہے کہ آدمی کو نیکی کے پردے میں ہلاک کرتا ہے،نادان سمجھتا ہی نہیں، نیک کام کررہا ہوں، اور نہ جانا کہ نفل بے فرض نرے دھوکے کی ٹٹی(یعنی فریب ومغالطہ میں ڈالنےوالی چیز )ہے، اس کے قبول کی امید تو مفقود اور اس کے ترک کا عذاب گردن پر موجود۔”

(فتاوی رضویہ،ج10، ص180، رضافاؤنڈیشن لاہور)

حضرت سیّد ناصدیقِ اکبر رضی اﷲتعالیٰ عنہ نےارشادفرمایا:”واعلم انہ لایقبل نافلۃ حتی تؤدی الفریضۃ،اورخبرداررہوکہ کوئی نفل قبول نہیں ہوتا جب تک فرض ادا نہ کرلیا جائے۔

(حلیۃ الاولیاء،ذکرالمہاجرین،ج1،ص36،دارلکتاب العربی بیروت)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری

27 محرم 7144 ھ/23 جولائی 5202 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں