ورثا کے لئے وصیت

ورثا کے لئے وصیت

فتویٰ923:

ایک شخص نے اپنے مال میں سے بیٹی اور بیوی کے لئے ایک حصے کی وصیت کی اور باقی سارے مال کی وصیت پوتوں کے لئے کی اس وقت اس کا اپنا بیٹا حیات تھا اب وصیت کرنے والے کا انتقال ہو گیا ہے مال بھی تقسیم ہو گیا کیا وصیت نافذ ہو گی؟

سائل : محمد احسان

بسم الله الرحمن الرحيم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

بیان کی گئی صورت میں چونکہ پوتے وارث نہیں بن رہے لہذا قرض کی ادائیگی کے بعد بچنے والے مال میں سے ایک تہائی میں یہ وصیت ان کے حق میں نافذ ہو گی اگر چہ وراثت تقسیم ہو گئی ہو ، لیکن چونکہ شرعی اعتبار سے ایک تہائی سے زیادہ کی وصیت کرنا اور ورثا کے حق میں وصیت کرنا جائز نہیں ہوتا لہذا پوتوں کے لئے ایک تہائی سے زیادہ کی وصیت اور بیوی اور بیٹی کے لئے کی گئی وصیت اس وقت تک نافذ نہیں ہو گی جب تک تمام وارثین (جو اس صورت میں میت کے مال کے حقدار ہیں) جو بالغ اور اجازت دینے کے اہل بھی ہوں وہ اجازت نہ دے دیں۔ بہار شریعت میں ہے : ”وصیت ثلث مال سے زیادہ کی جائز نہیں مگر یہ کہ وارث اگر بالغ ہیں اور نابالغ یا مجنون نہیں، اور وہ موصی کی موت کے بعد ثلث مال سے زائد کی وصیت جائز کر دیں تو صحیح ہے۔۔ وارث کے لئے وصیت جائز نہیں مگر اس صورت میں جائز ہے کہ وارث اس کی اجازت دیدیں اور اگر کسی نے وارث اور اجنبی دونوں کے لئے وصیت کی تو اجنبی کے حق میں صحیح ہے اور وارث کے حق میں ورثہ کی اجازت پر موقوف رہے گی اگر انھوں نے جائز کر دی تو جائز ہے اور اجازت نہیں دی تو باطل۔ “

(بہار شریعت، جلد 3، صفحہ 938)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم

ابوالبنات فر از عطاری مدنی

27 شوال المکرم 1444ھ/ 18 مئی 2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں