نماز میں عورت کی کلائی کھل جائے
فتویٰ626:
اگر نماز میں عورت کی کلائی ایک بالشت کھل جائے تو کیا حکم ہے؟
سائل : مخدوم علی
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
عورت کے لئے نماز میں جن اعضا کا چھپانا ضروری ہے ان میں سے ایک مکمل عضو کہنی سے گٹوں کے نیچے تک کا حصہ ہے، لہذا نماز میں اگر یہ حصہ چوتھائی یا اس سے زیادہ کی مقدار کھل گیا اور تین بار سبحان اللہ کہنے کی مقدار کھلا رہا تو نماز ٹوٹ جائے گی۔ بہار شریعت عورت کے اعضاء ستر کے بیان میں عضو نمبر 10 اور 11 میں ہے: ” دونوں کلائیاں یعنی کہنی کے بعد سے گٹوں کے نیچے تک۔ “ اسی میں ہے: ” جن اعضا کا ستر فرض ہے، ان میں کوئی عضو چوتھائی سے کم کھل گیا، نماز ہو گئی اور اگر چوتھائی عضو کھل گیا اور فور اچھپا لیا، جب بھی ہو گئی اور اگر بقدر ایک رکن یعنی تین مرتبہ سبحان اللہ کہنے کے کھلا رہا یا با لمقصد کھولا، اگرچہ فوراً چھپالیا، نماز جاتی رہی ۔ “
(بہار شریعت ، ج 1 ، ص 482)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله عليه وآله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
04 ذو القعد ہ1444ھ/25 مئی 2023ء