ناظرہ قرآن پاک پڑھنا
سوال: ناظرہ قرآن پڑھناکیسا،کیابچوں کومدرسے میں ناظرہ کرانا فرض ہے؟
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
ناظرہ یعنی دیکھ کر قرآن پاک پڑھنا زبانی پڑھنے سےافضل اوریقیناعظیم کار ثواب ہے کیونکہ پڑھنا ،دیکھنا اور قرآن کریم کو چھونا سب عبادت ہے۔افضل و اعلی ثواب کا کام کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ صحیح العقیدہ درست پڑھنے والے قاری صاحب سے خود بھی سیکھا جائے اور بچوں کو بھی سکھایا جائے۔کیونکہ اتنی تجوید کےساتھ قرآن پاک پڑھنا کہ ہرحرف دوسرے سے جُداہو جائے فرض و ضروری ہے،ورنہ غلط پڑھنے سے ثواب کے بجائے الٹا گناہ ہو گااور نہ ہی نماز درست ہوگی۔
غنيۃالمتملي میں ہے:”وقراءۃ القرآن من المصحف افضل لانہ جمع بین عبادتی القراءۃ والنظر فی فی المصحف”
(غنيۃالمتملي،القراءۃخارج الصلاۃ، ص495،مطبوعہ کوئٹہ)
بہارشریعت میں ہے:” قرآن مجیددیکھ کر پڑھنا، زبانی پڑھنے سے افضل ہے کہ يہ پڑھنا بھی ہے اور دیکھنا اور ہاتھ سے اس کا چھونا بھی اور سب عبادت ہيں۔”
(بہارشریعت،ج1،حصہ3،صفحہ550،مکتبۃ المدینہ)
کتاب”بہشت کی کنجیاں”میں ہے:”واضح رہے کہ قرآن مجید کو دیکھ کر پڑھنا زبانی پڑھنے سے زیادہ افضل ہے کیونکہ دیکھ کر پڑھنے میں آنکھوں اور زبان دونوں سے نیکی کماناہے اس لیے کہ جس طرح قرآن کو پڑھنا عبادت ہے اسی طرح قرآن کے حروف کو دیکھنا بھی عبادت ہے۔” (بہشت کی کنجیاں،صفحہ115،مکتبۃ المدینہ)
حدیث پاک میں ہے:”کم من قارئ یقرأن والقراٰن یلعنہ”بہتیرے قرآن پڑھتے ہیں اورقرآن انھیں لعنت کرتا ہے۔ (المدخل للعبدری،الکلام علی جمع القرآن،ج1،ص85،مطبوعہ دارالکتاب العربیۃ بیروت)
فتاوی رضویہ میں ہے:”اتنی تجوید کہ حرف دوسرے سے صحیح ممتاز ہو فرض عین ہے بغیر اس کے نماز قطعاً باطل ہے۔” (فتاوی رضویہ،جلد3،صفحہ253،رضافاؤنڈیشن لاہور)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
3 صفر المظفر7144 ھ/29 جولائی 5202 ء