میمز MEMES دیکھنا
فتویٰ786:
میمز MEMES دیکھنا کیسا؟
سائل : جمیل اکرم
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
میمز عموما گناہوں بھری ہوتی ہیں کہ اس میں لوگوں کی دل آزاری، میوزک، بعض اوقات مذہبی افراد اور باتوں کا مذاق بھی ہوتا ہے ، اس کے علاوہ بھی اس میں کئی گناہ پائے جاتے ہیں لہذا اس طرح کی میمز دیکھنا جائز نہیں۔ اللہ پاک قرآن پاک میں فرماتا ہے: ” يَايُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا يَسْخَرَ قَوْمٌ مِنْ قَوْمٍ عَسَى أَنْ يَكُونُوا خَيْرًا مِنْهُمْ “ ترجمہ : اے ایمان والو ! مر د دوسرے مردوں پر نہ ہنسیں، ہو سکتا ہے کہ وہ ان ہنسنے والوں سے بہتر ہوں۔
(الحجرات: 11)
تفسیر : ” مذاق اُڑانے کا شرعی حکم بیان کرتے ہوئے حضرت علامہ عبد المصطفیٰ اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: اہانت اور تحقیر کیلئے زبان یا اشارات، یا کسی اور طریقے سے مسلمان کا مذاق اڑانا حرام و گناہ ہے کیونکہ اس سے ایک مسلمان کی تحقیر اور اس کی ایذاء رسانی ہوتی ہے اور کسی مسلمان کی تحقیر کرنا اور دکھ دینا سخت حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔“
(صراط الجنان، جلد 9، صفحہ 423)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
06ربیع الاخر 1445ھ/ 22 اکتوبر2023ء