مروان بن حکم کون

مروان بن حکم کون

فتویٰ997:

مروان اور اس کے باپ حاکم کیا یہ دونوں باپ بیٹے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں مدینے سے نکالے گئے ؟ اگر نکالے گئے تو کس وجہ سے نکالے گئے اور ان کی واپسی ہوئی تو کیوں ہوئی ؟

سائل : شاہد قریشی

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

مروان ایک فاسق و فاجر، شریر وفتنہ پرور انسان تھا۔ اس کی صحابیت ثابت نہیں۔ اس کا باپ حکم بھی پہلے بری طبیعت و عادت والا تھا اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی نقلیں کیا کرتا تھا اور کا شانہ نبوت میں جھانکتا تھا اسی وجہ سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم کو طائف کی طرف جلا وطن کر دیا تھا اور اس کے ساتھ مروان بھی طائف چلا گیا۔ بعد میں حکم نے توبہ کرلی تھی اسی وجہ سے عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے اسے واپس بلا لیا تھا۔ شارح بخاری مفتی شریف الحق امجدی رحمۃ اللہ علیہ ہیں: ”مروان بن حکم مشہور زمانہ عیار کھیاد فتنہ پرور ہے ، جس کی وجہ سے سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی شہادت ہوئی جس کی وجہ سے اسلام کا اتحاد پارہ پارہ ہو گیا اور ہزار ہا مسلمان قتل کیے گئے۔۔۔ اس کا باپ حکم بن العاص وہ بد طینت خبیث تھا جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی نقلیں اتارتا تھا۔ کا شانہ اقدس میں جھانکتا تھا جس کی وجہ سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میرا جی چاہتا ہے کہ اس کنگھے سے تیری آنکھ پھوڑ دوں۔ انہیں خباثتوں کی وجہ سے حکم کو طائف جلا وطن کر دیا تھا۔ اسی کے ساتھ اس کا یہ فسادی بیٹا بھی طائف چلا گیا تھا۔ ارباب سیر کا اس پر اتفاق ہے کہ مروان نے حضور اقدس صلی ا اللہ علیہ وسلم کی زیارت نہیں کی۔ “

( نزہۃ القاری شرح صحیح البخاری، جلد 2، صفحہ 349)

مفتی احمد یار خان نعیمی رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں: ”خیال رہے کہ حضرت عثمان کا حکم اور مروان کو مدینہ منورہ واپس بلانا سچی توبہ کی بنا پر تھا اور درست تھا اس لیے حضرت علی نے اپنے دور خلافت میں اس کو مدینہ منورہ سے نہ نکالا بلکہ حضرت عثمان کے واپس بلانے کو قائم رکھا، اگر حضرت عثمان پر اعتراض کیا جاوے تو جناب علی مرتضی پر بھی اعتراض ہو گا۔ “

(مرآة المناجیح، جلد 5، حدیث 3968)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم

ابو البنات فر از عطاری مدنی

22 ذوالحجۃ الحرام 1445ھ/ 29 جون 2024ء

اپنا تبصرہ بھیجیں