قربانی کی شرعی حیثیت

قربانی کی شرعی حیثیت

فتویٰ586:

قربانی کی شرعی حیثیت کیا ہے قرآن میں تو اس کا ذکر نہیں ؟

سائل : عابد گجر

بسم الله الرحمن الرحيم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

قربانی صاحب نصاب پر اپنی شرائط کے ساتھ واجب ہے۔ اللہ پاک سورہ کوثر میں فرماتا ہے : ” فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَ انْحَرْ “ ترجمہ: تو تم اپنے رب کے لیے نماز پڑھو اور قربانی کرو۔ تفسیر : بتوں کے نام پر ذبح کرنے والوں کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے رب عز و جل کے لئے اور اس کے نام پر قربانی کریں ۔

( صراط الجنان، جلد 10 ، صفحہ 833)

حدیث پاک میں ہے: ” من وجد سعة فلم يضح فلا يقربن مصلانا“ ترجمہ : جو شخص وسعت ہونے کے باوجود قربانی نہ کرے وہ ہماری عید گاہ کے قریب نہ آئے۔

(مسند احمد، جلد 14 ، صفحہ 24)

مفتی اعظم ہند رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں: ”یہی وہ حدیث ہے جس سے ائمہ احناف نے وجوب کا حکم فرمایا۔“

(فتاوی مصطفویه، صفحه 586)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم

ابوالبنات فراز عطاری مدنی

24 ذو القعد ہ1444ھ/ 14 جون 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں