فیک اکاؤنٹ بنا کر فحش تصویر اپلوڈ کرنے کا کام

فیک اکاؤنٹ بنا کر فحش تصویر اپلوڈ کرنے کا کام

فتویٰ833:

آج کل سوشل میڈیا پر ایک آن لائن مارکیٹنگ کا کام کیا جاتا ہے جس میں پہلے لڑکی کے نام کا فیک اکاؤنٹ بنایا جاتا ہے پھر اس میں کسی انگریز لڑکی کی فحش تصویر اپلوڈ کی جاتی ہے پھر بیرونی ممالک کے لوگوں کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے اور ان کو فوٹولا ئیک وغیرہ کی سروسز دی جاتی ہیں ایسا کام کیسا؟

سائل : خضر حیدر

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

بیان کیا گیا طریقہ حرام کاموں کا مجموعہ ہے، اس کام کو کرنا اور اس سے آمدنی حاصل کرنا حرام ہے۔ اولا تو اس میں فیک اکاؤنٹ بنانا دھوکہ ہے ، دوسرا فحش تصویریں اپلوڈ کرنا نا جائز اور پھر فوٹو لائیک کی سروس کوئی قابل معاوضہ کام نہیں لہذا اس سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی ناجائز ہے۔ حدیث پاک میں ہے: ”من غشنا فليس منا “ترجمہ : جو ہمیں دھوکہ دے وہ ہم میں سے نہیں۔

(مسلم، حدیث 164)

قرآن پاک میں ہے: ” اِنَّ الَّذِیْنَ یُحِبُّوْنَ اَنْ تَشِیْعَ الْفَاحِشَةُ فِی الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌۙ-فِی الدُّنْیَا وَ الْاٰخِرَةِ ؕوَ اللّٰهُ یَعْلَمُ وَ اَنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ “ ترجمہ: بیشک جو لوگ چاہتے ہیں کہ مسلمانوں میں بے حیائی کی بات پھیلے ان کے لیے دنیا اور آخرت میں درد ناک عذاب ہے اور اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔

(النور: 19)

تفسیر: ”اشاعت فاحشہ کے اصل معنی میں بہت وسعت ہے چنانچہ اشاعت فاحشہ میں جو چیزیں داخل ہیں ان میں سے بعض یہ ہیں : فحش تصاویر اور وڈیوز بنانا، بیچنا اور انہیں دیکھنے کے ذرائع مہیا کرنا۔ حیا سوز مناظر پر مشتمل فلمیں اور ڈرامے بنانا ، ان کی تشہیر کرنا اور انہیں دیکھنے کی ترغیب دینا۔“

(صراط الجنان ،ج 6 ، ص 595)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم

ابو البنات فر از عطاری مدنی

05 جمادی الاخر 1445 ھ/19 دسمبر 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں