سگریٹ پینا
فتویٰ787:
کیا سگریٹ پینا حرام ہے؟
سائل : ملک حبیب خالد اعوان
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
سگریٹ جس میں نشہ آور مواد نہیں ہوتا مگر وہ منہ میں بدبو پیدا کر دیتی ہے اس کا استعمال مکر وہ تنزیہی یعنی ناپسندیدہ ہے شرعا گناہ نہیں لیکن طبی اعتبار سے نقصان دہ ہے، البتہ جب تک منہ کی بد بو ختم نہ ہو جائے مسجد کا داخلہ جائز نہیں اور وقت میں گنجائش ہونے کی صورت میں نماز پڑھنا بھی منع ہے۔ اور ایسی سگریٹ جس میں نشہ آور مواد موجود ہو یا الگ سے ڈال کر پی جاتی ہو وہ حرام ہے۔ اسی طرح جسے گمان غالب ہو کہ سگریٹ اگر چہ بغیر نشہ والی پینے سے سخت بیمار ہو جائے گا اس کے لئے بھی جائز نہیں۔ امام اہلسنت امام احمد رضا خان رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ” رہا حقہ نوشی کا تمباکو نوشی کا مسئلہ ، تو اگر وہ عقل اور حواس میں فتور پیدا کرے ۔۔۔۔ تو یہ بطور خود حرام ہے۔ سیدہ ام سلمہ رضی اللہ تعالی عنہا کی ایک حدیث کی وجہ سے کہ حضور صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ہر نشہ اور فتور پیدا کرنے والی چیز کا استعمال ممنوع ہے۔ امام احمد اور ابو داؤد نے سند صحیح کے ساتھ اس کو روایت کیا ہے ورنہ اگر اسے معمول نہ بنائیں لیکن قابل نفرت بد بو پیدا ہو جائے تو مکروہ تنزیہہ اور خلاف اولی ہے جیسے کچا لہسن اور پیاز استعمال کرنا اور اگر اس سے بھی خالی ہو یعنی بد بود غیرہ نہ ہو تو مباح ہے۔ “
(فتاوی رضویہ ، جلد 23، صفحہ 300،299)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فر از عطاری مدنی