سافٹ ویئر انجینئر کا انشورنس کمپنی میں app developer کی جاب کرنا کیسا

سافٹ ویئر انجینئر کا انشورنس کمپنی میں app developer کی جاب کرنا کیسا

سوال: سافٹ ویئر انجینئر کے لیے انشورنس کمپنی میں app developer کی جاب کرنا کیسا ہے؟

User id: Rash Temp

بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ اگر مذکورہ ملازمت میں خاص انشورنس کمپنی کے لیے ایسی ایپلی کیشن تیار کرنا مطلوب ہو جو انشورنس کے ناجائز معاملات میں معاون ہو، تو ایسی ملازمت اختیار کرنا گناہ میں تعاون کی وجہ سے ناجائز ہے۔

قرآن پاک میں ہے: “وَ لَا تَعَاوَنُوْا عَلَى الْاِثْمِ وَ الْعُدْوَانِ۪” ترجمہ: اور گناہ اور زیادتی پر باہم مدد نہ کرو۔ (سورۃ المائدۃ، آیت2)

معراج الدرایۃ فی شرح الھدایہ میں ہے: “وكذا الاعانۃ على المعاصی والفجور والحث عليها من جملۃ الكبائر كذا فی الذخيرة والمحيط” ترجمہ: اور یونہی گناہوں اور فجور پر مدد کرنا اور ان پر ابھارنا کبیرہ گناہوں میں سے ہے۔ اسی طرح ذخیرہ اور محیط میں ہے۔ (معراج الدرایۃ فی شرح الھدایہ، کتاب الشھادات، باب من تقبل شھادتہ ومن لا تقبل، جلد6، صفحہ548، مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت- لبنان)

الدر المختار میں ہے: “کل ما ادی الی ما لایجوز لایجوز” ترجمہ: ہر وہ چیز جو کسی ناجائز کام کی طرف لے جائے وہ (بھی) ناجائز ہے۔ (رد المحتار علی الدر المختار، کتاب الحظر والاباحۃ، فصل فی اللبس، جلد6، صفحہ360، مطبوعہ دار الفکر)

واللہ تعالی اعلم بالصواب

کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی

8 جمادی الاولی 1448ھ 19 اکتوبر 2026ء

اپنا تبصرہ بھیجیں