زنا کا ثبوت
فتویٰ935:
ایک شخص جس کا کردار سب کو پتا ہے اگر کسی نے اس کو زنا کرتے دیکھا تو کیاز ناثابت ہو جائےگا؟
سائل : نعمان احمد
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
اس طرح ایک شخص کے بول دینے سے زنا ثابت نہیں ہو گا اگر چہ دوسرے کا کردار کیسا ہی ہو ۔ زنا حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے لیکن گواہوں سے اس کے ثبوت کی شرائط کافی سخت ہیں۔ ہمارے ہاں معاذ اللہ ایک دوسرے کو زانی یازانیہ کہہ دیا جاتا ہے جو کہ سخت حرام ہے۔ زناکا ثبوت گواہی سے ہو تو شرط یہ ہے کہ چار مسلمان مرد جو عاقل، بالغ اور متقی ہوں انہوں نے ایک معین وقت میں زناکا یوں مشاہدہ کیا ہو جیسے سرمہ دانی میں سلائی اور یہ چاروں شرعی قسم کے ساتھ گواہی دیں۔ اگر ان میں سے کوئی بات بھی نہ پائی گئی تو زنا ثابت نہیں ہو گا بلکہ گواہی دینے والوں کو قاضی اسلام اسی اسی کوڑے لگائے گا۔ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں: ” ایسے بیہودہ بے معنی وبے اصل گواہوں سے زنا تو قیامت تک ثابت نہیں ہو سکتا جب تک چار مرد عاقل بالغ مسلمان پر ہیز گار دیندار جو کسی کبیرہ کا ارتکاب کرتے ہوں نہ کسی صغیرہ پر اصرار رکھتے ہوں نہ خفیف الحرکات ہوں حلف شرعی کے ساتھ شہادت دیں، انہوں نے ایک وقت معین میں زید کو ہندہ کے ساتھ زنا کرتے ہوئے اپنی آنکھ سے یوں مشاہدہ کیا جیسے سرمہ دانی میں سلائی، اس وقت تک زنا شہادت سے ثابت نہیں ہو سکتا۔ ان شرطوں میں ایک بات بھی کم ہو گی تو خود گواہی دینے والے شرعاً اسی اسی کوڑوں کے مستحق ہوں گے۔۔۔ الخ “
(فتاوی رضویہ، جلد 13 ، صفحہ 621)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فر از عطاری مدنی
08 صفر المظفر 1445 ھ/ 26 اگست 2023 ء