جمعہ کی پہلی اذان کے بعد کاروبار

جمعہ کی پہلی اذان کے بعد کاروبار

فتویٰ882:

جمعہ کی پہلی اذان کے بعد کاروبار کرنا کیسا؟

سائل : چوہدری اسلم

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

جمعہ کی پہلی اذان کے بعد جمعہ کے لئے کوشش کرنا واجب ہے۔ پہلی اذان کے بعد کاروبار کرنے سے چونکہ اس کوشش میں رکاوٹ آئے گی لہذا اس وقت میں کاروبار کرنا نا جائز ہے۔ یہاں پہلی اذان سے وہاں کی اذان مراد ہے جہاں نماز پڑھنے کا ارادہ ہے۔ اللہ پاک فرماتا ہے: ” یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِذَا نُوْدِیَ لِلصَّلٰوةِ مِنْ یَّوْمِ الْجُمُعَةِ فَاسْعَوْا اِلٰى ذِكْرِ اللّٰهِ وَ ذَرُوا الْبَیْعَؕ-ذٰلِكُمْ خَیْرٌ لَّكُمْ اِنْ كُنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ “ ترجمہ : اے ایمان والو ! جب جمعہ کے دن نماز کیلئے اذان دی جائے تو اللہ کے ذکر کی طرف دوڑو اور خرید و فروخت چھوڑ دو۔ اگر تم جانو تو یہ تمہارے لیے بہتر ہے ۔

(الجمعه :9)

تفسیر : ” اس آیت میں اذان سے مراد پہلی اذان ہے۔۔ اس آیت سے نماز جمعہ کی فرضیت، خرید و فروخت وغیرہ دنیوی مشاغل کی حرمت اور سعی یعنی نماز کے اہتمام کا وجوب ثابت ہوا اور خطبہ بھی ثابت ہوا ۔“

( صراط الجنان، جلد 10 ، صفحہ 137)

بہار شریعت میں ہے : ”اذانِ جمعہ کے شروع سے ختم نماز تک بیع مکروہ تحریمی ہے اور اذان سے مراد پہلی اذان ہے کہ اُسی وقت سعی واجب ہو جاتی ہے۔“

(بہار شریعت ، جلد 1 ، حصہ 11 ، صفحہ 723)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم

ابو البنات فر از عطاری مدنی

18 شعبان المعظم 1445ھ / 29 فروری 2024 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں