جدا کہتے نہیں بنتی

جدا کہتے نہیں بنتی

فتویٰ986:

اس شعر کی وضاحت کر دیں ”خدا کہتے نہیں بنتی جدا کہتے نہیں بنتی خدا پر اس کو چھوڑا ہے وہی جانے کہ کیا تم ہو “؟

سائل : دانش شیخ

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

یہ شعر حضور ﷺ کی نعت پر مشتمل ہے جس کا مفہوم یہ ہے کہ نبی پاک ﷺ خدا نہیں ہیں بلکہ خدا کے محبوب ہیں اور اللہ پاک نے نبی کریم ﷺ کو اپنی بارگاہ کا ایسا قرب عطا فرمایا ہے کہ جو نہ کسی کو ملانہ مل سکتا ہے، اس اعتبار سے حضور ﷺ کو جدا بمعنی دور بھی نہیں کہہ سکتے۔ حضور ﷺ کی حقیقت کو ہم نہیں سمجھ سکتے ، یہ معاملہ ہم نے اللہ ہی پر چھوڑا ہی وہی جانتا ہے کہ حضور ﷺ کی ذات کی حقیقت کیا ہے۔ اللہ پاک فرماتا ہے: ” مَنْ یُّطِعِ الرَّسُوْلَ فَقَدْ اَطَاعَ اللّٰهَۚ “ ترجمہ : جس نے رسول کا حکم مانا بیشک اس نے اللہ کا حکم مانا۔

(النساء:80)

حدیث پاک میں ہے: ” یا ابا بكر ! و الذي بعثني بالحق لم يعرفنى حقيقة غير ربی“ ترجمہ : اے ابو بکر اس ذات کی قسم جس نے مجھے حق کے ساتھ بھیجا میری حقیقت کو میرے رب کے سوا کوئی نہیں جانتا۔

(مطالع المسرات، صفحہ 129)

و الله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم

ابوالبنات فراز عطاری مدنی

05 شعبان المعظم 1445ھ / 16 فروری 2024 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں