بیوی اپنا حق ساقط کر دے
فتویٰ628:
اگر ایک شخص کی دو بیویاں ہیں اور دوسری نے اپنا حق پہلی والی کو دیا ہوا ہے اور اس کے پاس رات نہ گزاری جائے اس پر وہ راضی ہے تو کیا حکم ہے؟
سائل : سلیم شہزاد
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
اگر کوئی شخص دوسری شادی کرتا ہے تو اس پر فرض ہے کہ دونوں کے حقوق کی رعایت کرے اور اختیاری معاملات میں دونوں کے ساتھ برابری کا سلوک کرے اسی طرح باری مقرر کرنے میں بھی برابری ضروری ہے اور باری میں رات ہی کا اعتبار ہے البتہ عورت اپنی باری کا حق شوہر کی دوسری بیوی کو ہبہ کرنا چاہے تو کر سکتی ہے مگر اسے یہ حق واپس لینے کا اختیار بھی ہے جب چاہے واپس لے سکتی ہے۔ الجوہرۃ النیرۃ میں ہے: ” واذا رضيت احدى الزوجات بترك قسمها لصاحبتها جاز ولها ان ترجع في ذلك “ ترجمہ: اور جب کوئی بیوی اپنی سوکن کے لئے اپنی باری چھوڑ دے تو جائز ہے اور اس کو اس سے رجوع کرنے کا ختیار بھی ہے۔
(الجوهرة النيرة، حصہ ،2، صفحہ 33)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
02 محرم الحرام 1445 ھ /21 جولائی 2023 ء