بیوہ کا عدت میں والدین کے گھر جانا
فتویٰ647:
بیوہ عدت میں اپنے والدین کے گھر جاسکتی ہے جبکہ والدین کا گھر پڑوس میں ہو ؟
سائل : حافظ اعجاز سیالوی
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
شوہر کی وفات کے وقت عورت کی جس گھر میں رہائش تھی اسی میں عدت کے ایام مکمل کرنا اس پر لازم ہے اور وہاں سے بلا عذر شرعی نکلنا اس کے لئے جائز نہیں، لہذا عورت ، اپنے والدین کے گھر بھی نہیں جاسکتی اگرچہ وہ پڑوس میں ہوں۔ بہار شریعت میں ہے: ”موت یا فرقت کے وقت جس مکان میں عورت کی سکونت تھی اُسی مکان میں عدت پوری کرے اور یہ جو کہا گیا ہے کہ گھر سے باہر نہیں جاسکتی اس سے مراد یہی گھر ہے اور اس گھر کو چھوڑ کر دوسرے مکان میں بھی سکونت نہیں کر سکتی مگر بضرورت۔ آج کل معمولی باتوں کو جس کی کچھ حاجت نہ ہو محض طبیعت کی خواہش کو ضرورت بولا کرتے ہیں وہ یہاں مراد نہیں بلکہ ضرورت وہ ہے کہ اُس کے بغیر چارہ نہ ہو۔ “
(بہار شریعت، جلد 2، حصہ 8 ، صفحہ 245)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
16 ربيع الآخر 1445 ھ/ 1 0 نومبر 2023 ء