بعد موت رُوح کہاں ہوتی ہے
سوال:مرنےکےبعد رُوح کہاں اور کس حالت میں ہوتی ہے؟
سائل:علی مہر
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
مرنے کےبعد رُوح حسب رُتبہ مختلف مقامات پر ہوتی ہے اچھا آدمی ہو تو اچھے ورنہ برےمقام پر،بہرحال رُوح جہاں بھی ہوجسم سے تعلق باقی رہتاہے جزا وسزا بدن اور روح دونوں محسوس کرتے ہیں۔بعد موت رُوح مرتی نہیں جو کہے کہ روح فنا ہوتی ہے وہ بدمذہب ہے۔
صدرالشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:”مرنے کے بعد بھی روح کا تعلق بدنِ انسان کے ساتھ باقی رہتا ہے، اگرچہ روح بدن سے جُدا ہو گئی، مگر بدن پر جو گزرے گی رُوح ضرور اُس سے آگاہ و متأثر ہوگی، جس طرح حیاتِ دنیا میں ہوتی ہے، بلکہ اُس سے زائد۔ دنیا میں ٹھنڈا پانی، سرد ہَوا، نرم فرش، لذیذ کھانا، سب باتیں جسم پر وارِد ہوتی ہیں، مگر راحت و لذّت روح کو پہنچتی ہے اور ان کے عکس بھی جسم ہی پر وارِد ہوتے ہیں اور کُلفت و اذیّت روح پاتی ہے،اور روح کے لیے خاص اپنی راحت واَلم کے الگ اسباب ہیں، جن سے سرور یا غم پیداہوتا ہے، بعینہٖ(بالکل) یہی سب حالتیں برزخ میں ہیں۔ مرنے کے بعد مسلمان کی روح حسبِ مرتبہ مختلف مقاموں میں رہتی ہے، بعض کی قبر پر، بعض کی چاہِ زمزم شریف میں، بعض کی آسمان و زمین کے درمیان، بعض کی پہلے، دوسرے، ساتویں آسمان تک اور بعض کی آسمانوں سے بھی بلند، اور بعض کی روحیں زیرِ عرش قندیلوں(قندیل کی جمع، ایک قسم کا فانوس جس میں چراغ جلا کر لٹکاتے ہیں) میں،اور بعض کی اعلیٰ عِلّیین(جنت کے نہایت ہی بلند وبالا مکانات میں) میں مگر کہیں ہوں، اپنےجسم سے اُن کو تعلق بدستور رہتا ہے۔ جو کوئی قبر پر آئے اُسے دیکھتے، پہچانتے، اُس کی بات سنتے ہیں، بلکہ روح کا دیکھنا قُربِ قبر ہی سے مخصوص نہیں، اِس کی مثال حدیث میں یہ فرمائی ہے، کہ ”ایک طائر پہلے قفص میں بند تھا اور اب آزاد کر دیا گیا۔ شاہ عبدالعزیز صاحب لکھتے ہیں : روح کے لیے کوئی جگہ دور یا نزدیک نہیں ،بلکہ سب جگہ برابر ہے۔ کافروں کی خبیث روحیں بعض کی اُن کے مرگھٹ(ہندؤں کے مردے جلانے کی جگہ)، یا قبر پر رہتی ہیں، بعض کی چاہِ برہُوت میں کہ یمن میں ایک نالہ ہے، بعض کی پھلی، دوسری، ساتویں زمین تک، بعض کی اُس کے بھی نیچے سجّین(جہنم کی ایک وادی کا نام) میں، اور وہ کہیں بھی ہو، جو اُس کی قبر یا مرگھٹ پر گزرے اُسے دیکھتے، پہچانتے، بات سُنتے ہیں، مگر کہیں جانے آنے کا اختیار نہیں، کہ قید ہیں۔موت کے معنی روح کا جسم سے جدا ہو جانا ہیں، نہ یہ کہ روح مر جاتی ہو، جو روح کو فنا مانے،بد مذہب ہے۔
(بہارشریعت،جلد1،حصہ اول،صفحہ100تا104،مکتبۃ المدینہ،ملتقطاً)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
5 صفر المظفر7144 ھ/31 جولائی 5202 ء