ایک طلاق کا حکم

ایک طلاق کا حکم

سوال:ایک طلاق دینے کے بعد کتنے وقت کے اندر رجوع کیا جانا چاہیے اور اگر مقررہ وقت کے اندر رجوع نہ کریں تو مکمل طور پرطلاق واقع ہو جاتی ہے؟

سائل:علی احمد

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

ایک طلاق رجعی دی ہو تو عدت کے اندر بغیر نکاح کے رجوع درست ہے اور عدت گذر جائے تو عورت مکمل طور پر نکاح سے باہر ہو جاتی ہےاب زوجیت میں لانے کےلئے نکاح ضروری ہے۔مزید یہ کہ ایک طلاق رجعی دی ہو تو ایک ہی طلاق پڑے گی نہ کہ تین،بھلےعدت گذر جائے۔ایک طلاق بائنہ دی تو عورت فوراً نکاح سے باہر ہوجاتی ہے۔

اللہ پاک ارشاد فرماتاہے:” اَلطَّلٰقُ مَرَّتَانِ۪ فَاِمْسَاکٌۢ بِمَعْرُوۡفٍ اَوْ تَسْرِیۡحٌۢ بِاِحْسٰنٍؕ ” یہ طلاق (یعنی طلاق رجعی) دو بار تک ہے پھر بھلائی کے ساتھ روک لینا ہے (رجعت کرکے) یا نکوئی کے ساتھ چھوڑدینا ہے (اس طرح کہ رجعت نہ کرے اور عدت گزر کر عورت بائنہ ہوجائے۔

(سورہ بقرہ:229)

درمختارمیں ہے:”الطلاق ہو لغۃ رفع القید وشرعا رفع قید النکاح فی الحال بالبائن او المآل ای بعد انقضاء العدۃ بالرجعی (بلفظ مخصوص)”

(الدرالمختارمع ردالمحتار،کتاب الطلاق،جلد3،صفحہ226-227،دارالفکر بیروت)

بہارشریعت میں ہے:” نکاح سے عورت شوہر کی پابند ہو جاتی ہے۔ اس پابندی کے اُٹھا دینے کو طلاق کہتے ہیں اس کے ليے کچھ الفاظ مقرر ہیں جن کا بیان آگے آئے گا۔ اس کی دو۲ صورتیں ہیں ایک یہ کہ اسی وقت نکاح سے باہر ہو جائے اسے بائن کہتے ہیں۔ دوم یہ کہ عدّت گزرنے پر باہر ہوگی، اسے رجعی کہتے ہیں۔”

(بہار شریعت ،جلد2،صفحہ110،مکتبۃ المدینہ)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری

17 ذوالحج 7144ھ/3 جون 6202 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں