ایڈز میں نجش کی صورت
فتویٰ892:
ٹی وی وغیرہ پر جو لوگ ایڈز بناتے ہیں تو لوگوں کو لگتا ہے کہ یہ بھی استعمال کرتے ہوں گے تو کیا یہ نجش کی صورت میں آئے گا؟
سائل : قاسم مدنی
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
نجش کا معنی یہ ہوتا ہے کہ کوئی شخص چیز خریدنے کے انداز میں اس کی قیمت بڑھائے تا کہ لوگ اس طرف مائل ہوں اور وہ خود خریدنے کا ارادہ نہ رکھتا ہو۔ ایڈز میں اولا تو خریدنے والے انداز میں قیمت نہیں بڑھائی جاتی اور دوسرا یہ کہ عموما لوگوں کو پتا ہوتا ہے کہ یہ صرف تشہیر کر رہا ہے قطع نظر اس سے کہ وہ خود استعمال کرتا ہے یا نہیں، لہذا یہ نجش کی صورت نہیں ہے۔ ہاں اگر ایڈز میں وہ اوصاف بیان ہوں جو اس میں نہیں تو یہ نجش ہے اور ایسا کرنا مکروہ ہے۔ بہار شریعت میں ہے : ” نجش یہ ہے کہ مبیع کی قیمت بڑھائے اور خود خریدنے کا ارادہ نہ رکھتا ہو اس سے مقصود یہ ہوتا ہے کہ دوسرے گاہک کو رغبت پیدا ہو اور قیمت سے زیادہ دے کر خرید لے اور یہ حقیقتہ خریدار کو دھوکا دینا ہے جیسا کہ بعض دُکانداروں کے یہاں اس قسم کے آدمی لگے رہتے ہیں گاہک کو دیکھ کر چیز کے خریدار بن کر دام بڑھا دیا کرتے ہیں اور ان کی اس حرکت سے گاہک دھوکا کھا جاتے ہیں۔ گاہک کے سامنے مبیع کی تعریف کرنا اور اُس کے ایسے اوصاف بیان کرن جو نہ ہوں تا کہ خریدار دھوکا کھا جائے یہ بھی نجش ہے۔“
(بہار شریعت ، جلد 2، حصہ 11 ، صفحہ 723)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
ابوالبنات فر از عطاری مدنی
22 شوال المکرم 1445ھ/01 مئی 2024ء