اللہ پاک کے علاوہ کسی اور کا خوف

اللہ پاک کے علاوہ کسی اور کا خوف

فتویٰ965:

کیا اللہ کے علاوہ کسی اور سے ڈرنا چاہیے ؟ ایک مقرر کو کہتے سنا کہ انبیاء کرام بھی بعض معاملات میں مخلوق سے ڈرتے تھے۔

سائل : قاسم مدنی

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

انبیاء کرام علیھم السلام کی طرف ادب والے جملوں کی نسبت کی جانی چاہیے۔ انبیاء کرام علیھم السلام کو بعض چیزوں کا طبعی خوف ہونا ثابت ہے جیسا کہ اللہ پاک نے موسی علیہ السلام کے عصا کو جب اژدھا بنایا تو موسی علیہ السلام کو اس طبعی خوف ہوا۔ اللہ پاک قرآن میں فرماتا ہے: ” قَالَ اَلْقِهَا یٰمُوْسٰى(19)فَاَلْقٰىهَا فَاِذَا هِیَ حَیَّةٌ تَسْعٰى(20)قَالَ خُذْهَا وَ لَا تَخَفْٙ-سَنُعِیْدُهَا سِیْرَتَهَا الْاُوْلٰى “ (21) ترجمہ: فرمایا : اے موسیٰ اسے ڈال دو۔ تو موسیٰ نے اسے (نیچے ) ڈال دیا تو اچانک وہ سانپ بن گیا جو دوڑ رہاتھا۔ (اللہ نے) فرمایا: اسے پکڑ لو اور ڈرو نہیں، ہم اسے دوبارہ اس کی پہلی حالت پر لوٹا دیں گے۔

(طہ : 19 تا 21)

تفسیر : ” حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام نے عصا زمین پر ڈال دیا تو وہ اچانک سانپ بن کر تیزی سے دوڑنے لگا اور اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو کھانے لگا۔ یہ حال دیکھ کر حضرت موسیٰ علیہ الصلوۃ والسلام کو (طبعی طور پر ) خوف ہو اتو اللہ تعالیٰ نے ان سے ارشاد فرمایا: اسے پکڑ لو اور ڈرو نہیں، ہم اسے دوبارہ پہلی حالت پر لوٹا دیں گے۔ یہ سنتے ہی حضرت موسیٰ علیہ الصلوۃ والسلام کا خوف جاتا رہا، حتی کہ آپ علیہ الصلوۃ والسلام نے اپنا دست مبارک اس کے منہ میں ڈال دیا اور وہ آپ علیہ الصلوۃ والسلام کے ہاتھ لگاتے ہی پہلے کی طرح عصا بن گیا۔ “

(صراط الجنان، جلد 6، صفحہ 179)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم

ابوالبنات فر از عطاری مدنی

19 جمادی الاول 1445 ھ/ 04 دسمبر 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں