آیت درود میں بلند آواز سے “حق نبی یا نبی” پڑھنا کیسا
سوال: ختم پڑھتے ہوئے آیت درود میں لوگ بلند آواز سے حق نبی یانبی اللہ علیہ وسلم پڑھتے ہیں، ایسا عمل شرعا درست ہے؟
User id: Aftab Atttari
بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ آیت درود کی تلاوت کے دوران لوگوں کا بلند آواز سے “حق نبی یا نبی صلی اللہ علیہ وسلم” کہنا مناسب نہیں، کیونکہ آیت درود قرآن کریم کا حصہ ہے اور قرآن کریم کی عظمت و شان کا تقاضا یہ ہے کہ جب اسکی تلاوت کی جائے تو دیگر افعال سے باز رہ کر خاموشی سے تلاوت قرآن کریم کو سنا جائے۔ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ نے فتاوی رضویہ میں تلاوت قرآن کے دوران انگوٹھے چومنے سے پیدا ہونے والی آواز کو بھی ناپسندیدہ قرار دیا ہے اور اگر قاری سکوت نہ کرے تو اس صورت میں حاضرین کا مذکورہ الفاظ بلند آواز سے پڑھنا ناجائز وحرام ہے، کہ اس صورت آوازوں کے اختلاط کی وجہ سے استماع قرآن کے فریضے میں خلل واقع ہوگا۔
فتاوی رضویہ میں ہے: “نماز میں یا خطبہ یا قرآن مجید سنتے وقت نہ چاہئے، نماز میں اس کی ممانعت تو ظاہر اور استماع خطبہ و قرآن کے وقت یوں کہ اس وقت ہمہ تن گوش ہو کر تمام حرکات سے باز رہنا چاہئے۔ پنچایت کے وقت جو آیہ کریمہ “ماکان محمد ابا احد من رجالکم” پر اس قدر کثرت سے انگوٹھے چومے جاتے ہیں گویا صدہا چڑیاں جمع ہوکر چہک رہی ہیں یہاں تک کہ دور والوں کو قرآن عظیم کے بعض الفاظ کریمہ بھی اس وقت اچھی طرح سننے میں نہیں آتے۔ یہ فقیر کو سخت ناپسند و گراں گزرتا ہے صرف انگوٹھے لبوں سے لگا کر آنکھوں پر رکھنے میں اس وقت کوئی حرج نہ بھی ہو تو بوسہ تعظیم میں آواز نکلنے کا خود حکم نہیں۔ جیسے بوسہ سنگ اسود و آستانہ کعبہ و قرآن عظیم و دست و پائے علمائے و صلحاء نہ کہ ایسی آوازیں کہ چڑیاں بسیرا لے رہی ہیں۔” (فتاوی رضویہ، جلد22، صفحہ316، مسئلہ125، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن)
فتاوی رضویہ میں ہے: “قرآن مجید پڑھا جائے اسے کان لگا کر غور سے سننا اور خاموش رہنا فرض ہے۔۔۔اور اگر کوئی سننے والا نہیں، یا بعض کی تلاوت بعض اشخاص سن رہے ہیں بعض کی کوئی نہیں سنتا یا قریب آوازیں مختلف و مختلف ہیں کہ جدا جدا سننا میسر ہی نہ رہا تو یہ صورتیں بالاتفاق ناجائز و گناہ ہیں۔” (فتاوی رضویہ، جلد23، صفحہ 353، 354، 355، مسئلہ112، مطبوعہ رضافاؤنڈیشن)
واللہ تعالی اعلم بالصواب
کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی
10جمادی الاولی 1448ھ 21 اکتوبر 2026ء