آیات محکم و متشابه

آیات محکم و متشابه

فتویٰ952:

سورہ آل عمران میں آیات محکم و متشابہ کا ذکر آیا ہے تو ان کا معنی کیا ہے؟

سائل :درگاہ عالیہ خالقیہ نقشبندیہ

بسم الله الرحمن الرحيم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

محکم آیات سے مراد وہ ہیں جن کے معانی میں اشتباہ نہ ہو بلکہ وہ افراد جو قرآن سمجھنے کے اہل ہیں وہ آسانی سے ان آیات کے معانی سمجھ جاتے ہیں اور متشابہ سے مراد وہ جن کے ظاہری معنی یا تو سمجھ نہیں آتے یا معنی تو سمجھ آتے ہیں مگر وہ مراد نہیں ہوتے۔ اللہ پاک قرآن کریم میں فرماتا ہے : ” مِنْهُ اٰيَاتٌ مُّحْكَمَاتٌ هُنَّ اُمُّ الْكِتَابِ وَاُخَرُ مُتَشَابِـهَاتٌ “ ترجمہ : اس کی کچھ آیتیں صاف معنی رکھتی ہیں وہ کتاب کی اصل ہیں اور دوسری وہ ہیں جن کے معنی میں اشتباہ ہے۔

(آل عمران : 7 )

تفسیر : ” (1) محکم، یعنی جن کے معانی میں کوئی اشتباہ نہیں بلکہ قرآن سمجھنے کی اہلیت رکھنے والے کو آسانی سے سمجھ آجاتے ہیں۔ (2) متشابہ ، یعنی وہ آیات جن کے ظاہری معنی یا تو سمجھ ہی نہیں آتے جیسے حروف مقطعات یعنی بعض سورتوں کے شروع میں آنے والے حروف جیسے سورہ بقرہ کے شروع میں ”الم “ہے اور یا متشابہ وہ ہے جس کے ظاہری معنی سمجھ تو آتے ہیں لیکن وہ مراد نہیں ہوتے جیسے اللہ تعالی کے” یَدُ “ یعنی ” ہاتھ“ اور ” وَجْهُ“ یعنی ” چہرے “والی آیات۔ ان کے ظاہری معنی معلوم تو ہیں لیکن یہ مراد نہیں ، جبکہ ان کے حقیقی مرادی معنی میں کئی احتمال ہو سکتے ہیں اور ان میں سے کون سا معنی اللہ تعالی کی مراد ہے یہ اللہ عزوجل ہی جانتا ہے یا وہ جسے اللہ تعالی اس کا علم دے۔ پہلی قسم یعنی محکم کے بارے میں فرمایا کہ ”یہ کتاب کی اصل ہیں ، یعنی احکام شرعیہ میں ان کی طرف رجوع کیا جاتا ہے اور حلال و حرام میں انہیں پر عمل کیا جاتا ہے ۔“

(صراط الجنان، جلد 1 ، صفحہ 440،439)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله عليه وآله وسلم

ابوالبنات قراز عطاری مدنی

08 ربیع الاخر 1445ھ/ 24 اکتوبر 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں