آن لائن اسائمنٹ کا کام
فتویٰ767:
آج کل آن لائن تحریر کا کام بہت چل رہا ہے کمپنی کا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ کمپنی کا ممبر بننے کے لئے کوئی خرید نا ہوتا ہے اور جتنا مہنگا پیکج لیں گے اتنا نفع ہو گا بعض اوقات اور ممبر بھی بنانے کی شرط ہوتی ہے اس کا حکم بتا دیں؟
سائل : بنت امير
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
سوال میں ذکر کیا گیا کام کئی شرعی خرابیوں پر مشتمل ہے، یہاں چند بیان کی جاتی ہیں۔ کمپنی کا ممبر بننے کے لئے پیکج خرید نادر اصل رشوت کا لین دین ہے کیونکہ اس رقم کے مقابل کوئی قابل معاوضہ چیز نہیں بلکہ دینے کا اصل مقصد اپنا کام نکلوانا ہوتا ہے جو کہ رشوت ہے۔ اسی طرح دوسرے ممبر زبنانے والی صورت میں شرط فاسد پائی جاتی ہے کیونکہ ممبر ز شامل کروانے کی شرط میں فقط کمپنی کا فائدہ ہے اور عقد اس کا تقاضا نہیں کرتا لہذا یہ نا جائز ہے۔ مفتی نظام الدین رضوی دام ظلہ لکھتے ہیں: ” اس کے ناجائز ہونے کی چوتھی وجہ یہ ہے کہ فیس کی شرعی حیثیت رشوت کی ہے، جو یقینا حرام ہے ، وجہ یہ ہے کہ اپنا یا کسی کا بھی کام بنانے کے لیے ابتداء صاحب امر کو کچھ روپے وغیرہ دینا رشوت ہے اور یہاں کمپنی کو فیس اس لیے دی جاتی ہے کہ اسے اجرت پر ممبر سازی کا حق دے دیا جائے اور فیس کے مقابل کوئی چیز نہیں ہوتی ۔ “
(ماہنامہ اشرفیہ ، مئی 2008ء، صفحہ 38)
تبیین الحقائق میں ہے: ” فتفسدها الشروط التي لا يقتضيها العقد “ ترجمہ : وہ شرطیں جس کا عقد تقاضا نہیں کرتا وہ اجارے کو فاسد کر دیتی ہیں۔
( تبیین الحقائق، جلد 5، صفحہ 121)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
08ربیع الاول 1445 ھ/ 25 ستمبر 2023ء