کیا فرماتے ہیں علمائے اہل سنت مسئلہ ذیل میں کہ بیوی کو اس کے شوہر کے علاوہ کوئی دوسرا طلاق دے سکتا ہے؟
الجواب بعون الملک الوھاب
بیوی کو اسکے خاوند کے علاوہ کوئی دوسرا طلاق نہیں دے سکتا۔
اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے (بیدہ عقدۃ النکاح)یعنی نکاح کی گرہ صرف خاوند کے ہاتھ میں ہے ۔
(پارہ 2،سورۃ البقرۃ ،آیت 237)
حضرت سیدنا عبداﷲ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی ہے کہ ایک غلام نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہوکر عرض گزار ہوا” سیدی زوجنی أمتہ وھو یرید أن یفرق بینی وبینھا قال فصعد رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم المنبر فقال یأ یھا الناس ما بال أحدکم یزوج عبدہ أمتہ ثم یرید أن یفرق بینھما إنما الطلاق لمن أخذ بالساق“ترجمہ: میرے آقا نے میرا نکاح اپنی کنیز کے ساتھ کر دیا ہے اور اب وہ چاہتا ہے کہ ہم دونوں میں جدائی ڈال دے۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم منبر پر تشریف فرما ہوئے اور ارشاد فرمایا اے لوگو! تم میں سے اس کو کیا ہو گیا ہے جو پہلے اپنے غلام کا نکاح اپنی کنیز سے کر دیتا ہے پھر جدائی ڈالنا چاہتا ہے حالانکہ طلاق تو وہی دے سکتا ہے جس نے جماع کیا (یعنی جو صحبت اور ہمبستری کا حقدار ہے وہی طلاق کا حق رکھتا ہے)۔
(سنن ابن ماجہ،کتاب الطلاق ،باب طلاق العبد،جلد1، صفحہ672،دار إحیاء الکتب العربیۃ،الحلبی)
امام اہلسنت امام احمد رضاخان علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں:”لا الہ الا اللہ بے شوہر کے طلاق دئے طلاق تحصیلدار کے دئے نہیں ہو سکتی قال اﷲتعالٰی بیدہ عقدۃ النکاح(ترجمہ:اﷲتعا لیٰ نے فرمایا:نکاح کی گرہ صرف خاوند کے ہاتھ میں ہے۔)دوسری جگہ نکاح کرے گی تو حرام قطعی وزنا ہوگاقال اﷲتعالٰی والمحصنٰت من النساء(ترجمہ:اﷲتعالی فرماتا ہے :اور حرام ہیں شوہر دار عورتیں ۔)ہاں شوہر پر فرض ہے کہ اسے اچھی طرح رکھے اس کے حقوق اداکرے، اگر وُہ اس پر قادر نہیں تو اُس پر فرض ہے کہ اسے طلاق دے دے ۔
(فتاوی رضویہ، جلد12،صفحہ476،رضا فاؤنڈیشن،لاہور)
واللہ اعلم باالصواب
کتبہ مقیم الرحمن الخطیبی الھند