خود کشی کرنےوالےکاکَسب واِرادہ
سوال:ایساکہناٹھیک ہےکہ جس نے خود کُشی کی اس نے کسی بھی طریقے سے مرناتھامگر اس نے خود یہ طریقہ منتخب کیا؟
سائل:عثمان اسلم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
موت برحق ہے کسی نہ کسی سبب سےمرناہی ہے مگر جس نے اپنے قصد وارادہ سے اچھے یا برے طریقہ کےساتھ مرنا تھا اللہ پاک اسے ازل سے جانتاہےاور اسی طرح اللہ پاک نےلکھ دیا لہذا جس نے خود کشی کرنی تھی وہ اپنےارادہ سےکرنےوالاتھا ،اس کے حق میں وہی مقدر ہوا اور اس کے حق میں یہی صورت متعین و مقدر ہوگئی اور اسی کے سبب مرناتھا۔
اللہ پاک نےارشادفرمایا:کُلُّ نَفْسٍ ذَآئِقَۃُ الْمَوْتِ ،ترجمہ:ہر جان موت کا مزہ چکھنے والی ہے۔
(آل عمران:185)
شرح مسلم میں ہے:”واللہ سبحانہ وتعالی خالق الخیر والشرجمیعًا لا یکون شيء منھما إلاّ بمشیّتہ، فھما مضافان إلی اللہ سبحانہ وتعالی خلقًا وإیجادًا، وإلی الفاعلین لھما من عبادہ فعلاً واکتسابًا واللہ أعلم. قال الخطابي: وقد یحسب کثیر من الناس: أنّ معنی القضاء والقدر إجبارُ اللہِ سبحانہ العبد وقہرہ علی ما قدرہ وقضاہ ولیس الأمرکما یتوہمونہ، وإنّما معناہ الإخبار عن تقدم علم اللہ سبحانہ وتعالی بما یکون من اکتساب العبد وصدورہا عن تقدیر منہ وخلق لہا خیرہا وشرہا، ملتقطاً۔”
(شرح مسلم للنووی،کتاب الایمان،جلد1،صفحہ27،مطبوعہ کراچی)
سیدی اعلی حضرت علیہ رحمۃ رب العزت تقدیر کےمتعلق ایک سوال کےجواب میں فرماتےہیں:”زید گمراہ بے دین ہے، اُسے کوئی جوتا مارے تو کیوں ناراض ہوتا ہے، یہ بھی تو تقدیر میں تھا۔ اس کا کوئی مال دبالے تو کیوں بگڑتا ہے، یہ بھی تقدیر میں تھا۔ یہ شیطانی فعلوں کا دھوکا ہے کہ جیسا لکھ دیا ایسا ہمیں کرنا پڑتاہے بلکہ جیسا ہم کرنے والے تھے اُس نے اپنے علم سے جان کر وہی لکھا ہے۔— علم کسی کو مجبور نہیں کرتا۔ عورت زنا کرنے والی تھی اس لیے اس کایہ آئندہ حال اس نے اپنے علم غیب سے جان کر لکھ لیا۔ اگر وہ حلال کرنے والی ہوتی تو اسے حلال والی ہی لکھا جاتا۔”
(فتاوی ر ضویہ،جلد29،صفحہ285،رضافاؤنڈیشن لاہور)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
محمد شاہدحمیدقادری
13صفر1446ھ/19اگست2024ء