امام کامحراب یا دروازے میں کھڑاہونا

امام کامحراب یا دروازے میں کھڑاہونا

سوال:مسجد کے صحن سے اندرون مسجد جانے والے دروازے میں جماعت کروانے کا حکم ارشاد فرمادیں کیا اس سے ایک قدم باہر رکھ کر دروازے میں جماعت کروانے سے نماز میں کسی قسم کی کراہت تو نہیں آئے گی؟ سائل:سرفرازمدنی

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

امام کا محراب یا دروازے میں اس طرح کھڑاہونا کہ قدم محراب یادروازےسےباہر ہوں اور سجدہ محراب یا ہال میں ہو تو بلا کراہت نماز درست ہے۔ اگرمکمل محراب یاہال میں کھڑاہواتومکروہ تنزیہی ہے۔ ہاں بھیڑ کےسبب جگہ تنگ ہوتومکروہ بھی نہیں۔

مراقی الفلاح ہے:” و یکرہ قیام الامام بجملتہ فی المحراب لا قیامہ خارجہ و سجودہ فیہ – والکراھۃ لاشتباہ الحال علی القوم واذا ضاق المکان فلا کراھۃ “یعنی امام کا اپنے مکمل جسم کے ساتھ محراب کے اندر کھڑا ہونا مکروہ ہے۔ اگر قیام محراب کے باہر ہے۔ اورسجدہ محراب کے اندر ہے توکراہت نہیں ۔ کراہت کا سبب امام کا حال مقتدیوں پر مشتبہ و مشکوک ہونا ہے۔ اور اگر جگہ تنگ ہے تو محراب کے اندر بھی کھڑے ہونے میں کراہت نہیں۔

(مراقی الفلاح مع طحطاوی،ص360،361،دارالکتب)

ردالمحتار میں ہے:”و فی حاشیۃ البحرللرملی الذی یظھر من کلا مھم انھاکراھۃ تنزیہ تامل “خیرالرملی کے حاشیہ بحر الرائق میں ہے:علماء کے کلام سے ظاہر یہی ہوتا ہے کہ یہ کراہتِ تنزیہی ہے۔

(ردالمحتار،ج1،ص646،دارالفکربیروت)

فتاوی رضویہ میں ہے:”فی الواقع امام کا بے ضرورت محراب میں کھڑا ہونا کہ پاؤں محراب کے اندر ہوں یہ بھی مکروہ (ہاں پاؤں باہر اور سجدہ محراب کے اندر ہو تو کراہت نہیں) اور امام کا دَر میں کھڑا ہونا بھی مکروہ مگر اُسی طرح پاؤں باہر اور سجدہ در میں ہو تو کراہت نہیں – ہاں اگر کثرت ِجماعت کے باعث جگہ میں تنگی ہو اس لئے مقتدی دَر میں اور امام محراب میں کھڑے ہوں تو کراہت نہیں۔

(فتاوی رضویہ،جلد6،مسئلہ397،رضافاؤنڈیشن)

حبیب الفتاوی میں ہے:”اور جو نماز بکراہتِ تنزیہہ اداکی جائے اس کا اعادہ مستحب ہے۔ کذافی الھدایۃ۔ لہٰذا کراہت کی مذکورہ صورتوں میں جو نمازیں پڑھی گئیں ان کا اعادہ مستحب ہے۔

(حبیب الفتاوی،صفحہ347،شبیربرادرزلاہور)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری

2 صفر المظفر7144 ھ/28 جولائی 5202 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں