انجن کی Vibration کے دوران رکی ہوئی گاڑی میں نماز کا حکم
سوال: اگر رکی ہو گاڑی میں قبلہ کی سمت کھڑے ہو کر فرض نماز ادا کی لیکن انجن اسٹارٹ ہونے کی وجہ سے ہلکی سی تھرتھراہٹ محسوس ہو، گاڑی رکی رہے، تو کیا اس سے نماز پر کوئی اثر پڑے گا یا نہیں۔
User id: Muhammad Tahir Munir
بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
پوچھی گئی صورت میں انجن کی وائبریشن (تھرتھراہٹ) کی وجہ سے نماز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ یہ استقرار علی الارض اور اتحاد مکان کے منافی نہیں ہے۔
مراقی الفلاح مع نور الایضاح میں ہے: “(ولو جعل تحت المحمل خشبۃ) او نحوھا(حتی بقی قرارہ) ای المحمل(الی الارض) بواسطۃ ماجعل تحتہ (کان) ای صار المحمل(بمنزلۃ الارض فتصح الفریضۃ فیہ قائما) لا قاعدا بالرکوع والسجود” ترجمہ: اور اگر کجاوے کے نیچے لکڑی یا اس جیسی کوئی چیز رکھی گئی، یہاں تک کہ اس کجاوے کا ٹھہراؤ اس کے نیچے رکھی گئی چیز کے واسطے سے زمین پر ہوگیا، تو وہ کجاوہ زمین کے درجے میں ہو جائے گا، پس اس میں فرض نماز کھڑے ہو کر ناکہ بیٹھ کر، رکوع و سجود کے ساتھ ادا کرنا درست ہے۔ (نور الایضاح مع مراقی الفلاح، کتاب الصلاۃ، فصل فی صلاۃ الفرض والواجب علی الدابۃ، صفحہ317، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)
رد المحتار علی الدر المختار میں ہے: “والحاصل ان کلا من اتحاد المکان واستقبال القبلۃ شرط فی صلاۃ غیر النافلۃ عند الامکان” ترجمہ: اور حاصل یہ ہے کہ اتحاد مکان اور استقبال قبلہ میں سے ہر ایک نفل کے علاؤہ دیگر نمازوں میں قدرت اور امکان کے وقت شرط ہے۔ (رد المحتار علی الدر المختار، کتاب الصلاۃ، باب الوتر والنوافل، جلد2، صفحہ42، مطبوعہ دار الفکر)
واللہ تعالی اعلم بالصواب
کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی
12 جمادی الاولی 1448ھ 24 اکتوبر 2026ء