سبق سنانے کے دوران آیت سجدہ پڑھنے والے طالب علم، استاذ اور دیگر طلبہ پر سجدہ تلاوت کا حکم

سبق سنانے کے دوران آیت سجدہ پڑھنے والے طالب علم، استاذ اور دیگر طلبہ پر سجدہ تلاوت کا حکم

سوال: اگر کوئی طالب علم اپنے استاد کو سبق سنا رہا ہو اور سبق سناتے ہوئے آیت سجدہ پڑھ دے، تو آیت سجدہ پڑھنے والے طالب علم پر سجدہ تلاوت واجب ہوگا؟ اور کیا سننے والے استاد پر بھی سجدہ تلاوت واجب ہوگا؟ نیز اگر دیگر طلبہ بھی وہاں موجود ہوں جو آیت سجدہ سنیں تو ان پر بھی سجدہ تلاوت واجب ہوگا یا نہیں؟

سائل: غلام محمد قادری رضوی عطاری

بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ اگر آیت سجدہ پڑھنے والا طالب علم بالغ ہو، تو اس پر سجدہ تلاوت واجب ہوگا اور اگر نابالغ ہے واجب نہیں ہوگا، کیونکہ سجدہ تلاوت کے وجوب کے لیے نماز کی فرضیت شرط ہے، جبکہ نابالغ پر نماز فرض نہیں، لہذا اس پر سجدہ تلاوت بھی فرض نہیں، البتہ آیت سجدہ سننے والے استاذ اور بالغ طلبہ پر سجدہ تلاوت واجب ہوگا، خواہ پڑھنے والا بالغ ہو یا نابالغ، کیونکہ سجدہ تلاوت کے وجوب کا سبب تلاوت ہے اور وہ یہاں موجود ہے۔

تحفۃ الفقھاء میں ہے: “اما سبب وجوب السجدة فھو التلاوة والسماع۔۔۔ثم السجدة تجب بسماع التلاوة مطلقا سواء كانت فی الصلاة او خارج الصلاة كان التالی مسلما او كافرا طاهرا او محدثا او جنبا او حائضا او نفساء صغيرا كان او كبيرا عاقلا كان او مجنونا بعد ان يكون السامع من اهل وجوب السجدة عليه وكذلک التلاوة سبب الوجوب فی حق التالی إذا كان اھلا للوجوب ايضا ثم اھل وجوب السجدة من كان من اهل وجوب الصلاة عليه او من اهل وجوب القضاء لانها جزء من اجزاء الصلاة” ترجمہ: سجدہ تلاوت کے واجب ہونے کا سبب تلاوت اور سننا ہے۔۔۔ پھر (آیت سجدہ کی) تلاوت سننے سے مطلقا سجدہ واجب ہوجاتا ہے، خواہ تلاوت نماز کے اندر ہو یا نماز سے باہر، خواہ تلاوت کرنے والا مسلمان ہو یا کافر، پاک ہو یا بے وضو، جنبی ہو، حائضہ ہو یا نفاس والی عورت، نابالغ ہو یا بالغ، عاقل ہو یا مجنون، بعد اس کے کہ سننے والا ان لوگوں میں سے ہو جن پر سجدہ واجب ہوتا ہے۔ اسی طرح تلاوت تلاوت کرنے والے کے حق میں سجدہ واجب ہونے کا سبب ہے، جبکہ وہ بھی وجوب سجدہ کا اہل ہو۔ پھر سجدہ واجب ہونے کا اہل وہ شخص ہے جس پر نماز فرض ہوتی ہو یا جس پر نماز کی قضا فرض ہو، کیونکہ سجدہ تلاوت نماز کے اجزاء میں سے ایک جز ہے۔ (تحفۃ الفقھاء، کتاب الصلاۃ، باب سجدۃ التلاوۃ، جلد1، صفحہ236، مطبوعہ

دارالکتب العلمیہ)

واللہ تعالی اعلم بالصواب

کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی

7 جمادی الاولی 1448ھ 18 اکتوبر 2026ء

اپنا تبصرہ بھیجیں