مضاربت میں نفع

مضاربت میں نفع

فتویٰ985:

اگر ایک شخص رقم لگائے اور دوسرا کام کرے تو کیا نفع آدھا آدھا تقسیم کر سکتے ہیں؟

سائل : علی اصغر

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

ایک شخص کا مال ہو اور دوسرا اس سے کام کرے تو اس کو مضاربت کہتے ہیں اور مضاربت میں بھی دوسرے کاموں کی طرح نفع باہمی رضامندی سے طے کیا جا سکتا ہے، اگر آدھا آدھا طے کیا تو بھی جائز ہے۔ مفتی امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ مضاربت کی پانچویں شرط بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں: ” نفع دونوں کے مابین شائع ہو یعنی مثلا نصف نصف یا دو تہائی ایک تہائی یا تین چوتھائی ایک چوتھائی، نفع میں اس طرح حصہ معین نہ کیا جائے جس میں شرکت قطع ہو جانے کا احتمال ہو مثلاً یہ کہہ دیا کہ میں سو ۱۰۰ روپیہ نفع لوں گا اس میں ہو سکتا ہے کہ کل نفع سو ہی ہو یا اس سے بھی کم تو دوسرے کی نفع میں کیوں کر شرکت ہو گی یا کہہ دیا کہ نصف نفع لوں گا اور اُس کے ساتھ دس روپیہ اور لوں گا اس میں بھی ہو سکتا ہے کہ کل نفع دس 10ہی روپے ہو تو دو سرا شخص کیا پائے گا ۔ “

(بہار شریعت، جلد 3، حصہ 14 ، صفحہ 2)

و الله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم

ابوالبنات فراز عطاری مدنی

19 رجب المرجب 1445 ھ/ 31 جنوری 2024ء

اپنا تبصرہ بھیجیں