مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم کا یوم ولادت

مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم کا یوم ولادت

فتویٰ984:

کیا مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم 13 رجب کو کعبہ کے اندر پیدا ہوئے؟

سائل : غلام حسین قادری

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

اسلام کے چوتھے خلیفہ امیر المؤمنین مولائے کائنات مولا علی شیر خداکرم اللہ وجہ الکریم کی فضیت مسلم ہے لیکن یہ فضیلت تاریخ ولادت اور جائے ولادت پر موقوف نہیں جو اس میں غلط روایات اور مبالغہ آرائی سے کام لیا جائے۔ کئی صحابہ کرام علیہم الرضوان یہاں تک کہ حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی بھی تاریخ ولادت صحیح سند کے ساتھ ثابت نہیں۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اہل عرب تاریخ ولادت یاد رکھنے کا اہتمام نہیں کرتے تھے، لہذا مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی تاریخ ولادت بھی احادیث کی امہات اور ماخذ کتابوں میں مذکور نہیں اور جہاں مذکور ہے وہاں کسی صحیح سند کے ساتھ ثابت نہیں، بعضوں نے دوسروں پر اعتماد کر کے اپنی کتابوں میں نقل کر دیا اور بعض جگہ غیر مستند کتابوں کے حوالے سے نقل کر دیا گیا، یہاں تک کہ بد مذ ہبوں کو بھی جشن ولادت مولا علی کی محفل کی تاریخ متعین کرنے کے لئے اجلاس بلانا پڑا، اگر تاریخ ولادت صحیح سند کے ساتھ ثابت ہوتی تو اسی دن کو متعین کر لیا جاتا۔ اسی طرح مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے کعبہ کے اندر پیدا ہونے میں بھی یہی معاملہ ہے بلکہ وہاں تو صراحت ہے کہ حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ کے علاوہ کوئی بھی کعبہ کے اندر پیدا نہیں ہوا اور مولا علی کرم اللہ وجہ الکریم کی ولادت مکہ میں شعب ابی طالب میں ہوئی۔ ایک بدمذہب نے لکھا : ” 11 رجب 1122 کو اصفہان میں مولا علی کی ولادت کی محفل کی تاریخ کو معین کرنے کے لئے مجلس منعقد ہوئی اور مختلف آراء کے بعد 13 رجب طے پائی۔ “

(ماخوذا: المختصر والمعتبر من تواريخ۔۔، صفحہ42)

مسلم شریف میں ہے: ” ولد حكيم ابن حزام في جوف الكعبة “ ترجمہ : حکیم بن حزامہ (رضی اللہ عنہ ) کعبہ کے اندر پیدا ہوئے۔

(مسلم، 1532)

امام نووی رحمتہ اللہ علیہ نے لکھا: ” ولد حکیم بن حزام فی جوف الكعبه ولا يعرف احد ولد فيها غيرہ “ حكيم بن حزام کعبہ کے اندر پیدا ہوئے ان کے علاوہ کسی کے بارے میں ایسا معروف نہیں۔

( تہذیب الاسماء والصفات ، صفحہ 409)

امام جلال الدین سیوطی رحمتہ اللہ علیہ نے اس عبارت کے تحت لکھا: ” وما وقع فى مستدرك الحاكم من ان علیا ولد فيها ضعیف “ ترجمہ: اور جو مستدرک میں واقع ہوا کہ حضرت علی کی ولادت کعبہ کے اندر ہوئی ہے وہ ضعیف ہے۔

(تدریب الراوی، جلد 2 ، صفحہ 880)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم

ابوالبنات فر از عطاری مدنی

13 رجب المرجب 1445 ھ/ 25 جنوری 2024ء

اپنا تبصرہ بھیجیں