خمس کا معنی
فتویٰ934:
سورہ انفال میں جو خمس کا ذکر ہے اس کا معنی کیا ہے اور اب اس کا کیا حکم ہے ؟
سائل : انتخاب عارف
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
خمس کا معنی ہے پانچواں حصہ ، سورہ انفال میں بیان ہوا کہ مال غنیمت میں سے پانچواں حصہ اللہ اور اس کے رسول کا ہو گا اور اس حصہ کے پانچ حصے کئے جائیں گے ، ایک حصہ نبی پاک ﷺ کا دوسرا آپ ﷺ کے رشتے داروں میں سے بنی ہاشم اور بنی عبد المطلب کا اور تین حصے یتیموں، مسکینوں اور مسافروں کے لئے ہوں گے۔ احناف کے نزدیک نبی پاک ﷺ کے وصال کے بعد حضور ﷺ اور آپ کے رشتے داروں کا حصہ ساقط ہو گیا البتہ بنی ہاشم و مطلب کے یتیم و مسکین و مسافر اگر قفیر ہوں تو ان کو خمس میں سے دیا جائے گا بلکہ وہ اس کے زیادہ حقدار ہیں۔ امام فخر الدین رازی رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں: ” وهو المشهور ان ذلك الخمس يخمس ، فسهم لرسول الله ، وسهم لذوى قرباه من بني هاشم وبنى عبد مطلب، دون بنى عبد شمس وبنى نوفل ۔۔۔ وثلاثة اسهم لليتامى والمساكين وابن السبيل، واما بعد وفاة الرسول ﷺ قال ابو حنيفة رحمه الله؛ ان بعد وفاة الرسول عليه الصلاة والسلام سهمه ساقط بسب موته وكذلك سهم ذوي القربى، وانما يطعون لفقر هم “ ترجمہ : یہی قول مشہور ہے کہ اس خمس کے پانچ حصے کئے جائیں گے ایک حصہ رسول پاک ﷺ کا، ایک آپ کے قرابتداروں میں سے بنی ہاشم اور بنی عبد المطلب کا نہ کہ بنی عبد شمس اور بنی نوفل کا۔۔ اور تین حصے یتیموں، مسکینوں اور مسافروں کے لئے اور بہر حال امام اعظم کے نزدیک حضور ﷺ کے وصال کے بعد حضور ﷺ اور آپ کے قربتداروں کا حصہ ساقط ہو گیا اور حضور ﷺ کے قرابتداروں کو ان کے فقر کے سبب دیا جائے گا۔۔
( تفسیر کبیر ، الانفال، تحت الاية 41)
والله اعلم عز و جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم
ابو البنات فر از عطاری مدنی
11 محرم الحرام 1446ھ/ 18 جولائی 2024ء
متفرق