چلتے کاروبار میں انویسٹمنٹ
فتویٰ907:
ایک شخص پل وغیرہ بنانے کا گورنمنٹ سے ٹھیکہ لیتا ہے اس کو سامان کی ضرورت تھی تو میں اس کو کچھ ر قم بطور انویسٹمنٹ دی ہمارے درمیان نفع نقصان کی کوئی مقدار طے نہیں ہوئی اور میری اصل رقم جب مجھے چاہیے ہو گی مل جائے گی کیا ایسا کرنا درست ہے ؟
سائل : فرحان
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
سوال میں ذکر کر دہ طریقہ نا جائز اور سودی ہے۔ اولا تو چلتے کاروبار میں انویسٹمنٹ کرنا درست نہیں اور دوسرا کہ اس کو دی جانے والی رقم حقیقت میں انویسٹمنٹ نہیں بلکہ قرض ہے اور اس کی واضح دلیل یہ ہے کہ آپ کو رقم چاہیے ہو گی وہ پوری واپس مل جائے گی، اور آپ کو ملنے والا نفع قرض کی بنیاد پر ہے اور قرض پر مشروط نفع سود ہے۔ فتاوی رضویہ میں ایک سوال ہوا جس میں یہ بھی ہے کہ : ” اس وقت زید سے بکر نے کہا کہ اگر اس وقت پندرہ سو روپے دو تو میں لے لوں اور تجارت میں لگا دوں اور چار سال میں اگر روپیہ ادا ہوا تو منافع لوں گا۔ “ تو آپ رحمتہ اللہ علیہ نے جو ابا ارشاد فرمایا: ” صورت مستفسرہ میں وہ منافع قطعی سود اور حرام ہیں حدیث میں ہے: ”کل قرض جرمنفعة فهو ربا“ قرض سے جو نفع حاصل کیا جائے وہ سود ہے۔“
(فتاوی رضویہ، جلد 19، صفحه 561)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم
ابو البنات فر از عطاری مدنی
20 ذو القعدة الحرام 1445ھ/29 مئی 2024ء