بچوں کا ایک ساتھ بلند آواز میں قرآن پڑھنا

بچوں کا ایک ساتھ بلند آواز میں قرآن پڑھنا

فتویٰ855:

اگر 2 یا 3 بچوں کا سبق ایک ہی رکوع پر ہو اور ناظرہ کے یونٹ میں وہ ایک ساتھ مل کر بلند آواز میں پڑھیں تو ایسا کرنا کیسا؟ اور اگر قاریہ ایک آیت کو سکھانے کے لئے بلند آواز سے پڑھے اور سارے بچے دہرائیں تو ایسا کرنا کیسا؟

سائل : ٹیچر دار المدینه

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

اگر چند بچے مل کر بلند آواز میں اپنا سبق پڑھیں تو اس میں حرج نہیں کہ یہ تعلیم قرآن ہے تلاوت قرآن نہیں ، لیکن اگر وہ قاریہ کو مل کر اپنا سبق سنائیں تو ایسا کرنا جائز نہیں کہ قاریہ کے لئے بغور تینوں کا جداجدا سبق سننا ممکن نہیں، ہاں اگر چند مل کر سبق دہرائیں اور ایک سبق سنائے تو اس میں حرج نہیں جبکہ قاریہ سبق سنانے والے کا سبق غور سے سنے ۔ اسی طرح قاریہ کا ایک آیت سکھانے کی غرض سے بلند آواز میں پڑھنا اور بچوں کامل کرو ہر انا جائز ہے کہ یہ بھی تعلیم قرآن ہے۔ مفتی احمد یار خان نعیمی رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں: ”خیال رہے کہ قراءت قرآن کا حکم اور ہے، تعلیم قرآن کا کچھ ، اور بہت سے بچے مل کر قرآن یاد کر سکتے ہیں اگر چہ آواز اونچی ہو کہ وہ تعلیم قرآن ہے قراءت قرآن نہیں۔ “

(خزائن العرفان، صفحه 280)

فتاوی رضویہ میں ہے: ” پس صورت اولی میں جہاں مقصود تلاوت و ختم قرآن ہے۔ نہ حاضرین کو سنانا اگر سب آہستہ پڑھیں کہ ایک کی آواز دوسرے کو نہ جائے تو عین ادب و احسن واجب ہے۔ اس کی خوبی میں کیا کلام، اور اگر چند آدمی بآواز پڑھ رہے ہیں یوں ہی قاری کے پاس ایک یا چند مسلمان بغور سن رہے ہیں اور ان میں باہم اتنا فاصلہ ہے کہ ایک کی آواز سے دوسرے کا دھیان نہیں بنتا تو قول اوسع پر اس میں بھی حرج نہیں اور اگر کوئی سننے والا نہیں ، یا بعض کی تلاوت بعض اشخاص سن رہے ہیں بعض کی کوئی نہیں سنتا یا قریب آوازیں مختلف و مختلف ہیں کہ جدا جد ا سننا میسر ہی نہ رہا تو یہ صورتیں بالاتفاق ناجائز و گناہ ہیں اور صورت ثانیہ میں جہاں مقصود سنانا ہے اگر قول احوط پر عمل کیجئے تو چند آدمیوں کا معا آواز سے پڑھنا صریح حرام ہے اور اگر توفیق مذکور پر نظر کی جائے تو جب بھی یه صورت سب پر لزوم خاموشی کی ہے اور اگر اس سے قطع نظر کر کے قول اوسع ہی لیجئے تاہم اس صورت کے بدعت و شنیع ہونے میں کلام نہیں۔ “

(فتاوی رضویہ، جلد 23، صفحه 353)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم

ابو البنات فر از عطاری مدنی

07 رجب المرجب 1445 ھ/ 19 جنوری 2024ء

اپنا تبصرہ بھیجیں