رہتے ہیں تیرے شہر میں ہندہ مزاج لوگ

رہتے ہیں تیرے شہر میں ہندہ مزاج لوگ

فتویٰ812:

اس شعر کو پڑھنا کیسا ”ڈر ہے چبانہ جائے کلیجہ نکال کر رہتے ہیں تیرے شہر میں ہندہ مزاج لوگ “؟

سائل : محمدرضا

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

سوال میں ذکر کیا گیا شعر لکھنے والے کی بد باطنی کی خبر دیتا ہے ، یہ شعر پڑھنا یا کسی کو شیئر کرنا ناجائز و گناہ ہے کیونکہ اس میں حضرت ہند ہ رضی اللہ عنھا جو کہ صحابیہ ہیں پر تبرا ہے اور صحابہ پر تبرا نا جائز و گناہ ہے، اور اس شعر میں ان کے جس فعل کی طرف اشارہ ہے وہ اسلام لانے سے پہلے کا واقعہ ہے جبکہ اسلام لانے کے بعد بڑے سے بڑے گناہ معاف ہو جاتا ہے۔ کوئی عام مسلمان بھی کسی گناہ سے تو بہ کر چکا ہو تو اس کو سابقہ گناہ پر عار دلانا جائز نہیں تو ایک صحابیہ کے متعلق ایسا نظریہ رکھ کر اس کو شعر میں بطور تمثیل بیان کرنا کیونکر جائز ہو گا۔ امام طبرانی رحمتہ اللہ علیہ حدیث پاک نقل کرتے ہیں: ”من سب اصحابي فعليه لعنة الله والملائكة والناس اجمعين لا يقبل الله منه صرفا ولا عدلا “ ترجمہ : جس نے میرے صحابی کو برا کہا تو اس پر اللہ ، فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہے اللہ پاک اس کا نہ کوئی فرض قبول کرے گانہ نفل۔

( الدعاء للطبرانى، حدیث 2108 ، دار الكتب العلميه )

بہار شریعت میں ہے: ” کسی صحابی کے ساتھ سوء عقیدت بد مذہبی و گمراہی و استحقاق جہنم ہے۔“

(بہار شریعت ، جلد 1، حصہ 1 ، صفحہ 252)

ترمذی میں ہے: ”من عير اخاہ بذنب لم یمت حتی یعملہ“ ترجمہ : جس نے اپنے بھائی کو کسی گناہ پر عار دلائی (جس سے وہ تو بہ کر چکا ہو) تو وہ عار دلانے والا اس وقت تک نہیں مرے گا جب تک خود اس میں مبتلا نہ ہو۔

(ترمذی، حدیث 2505)

و الله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم

ابوالبنات فر از عطاری مدنی

15 جمادی الاول 1445 ھ/ 30 نومبر 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں