موبائل پر نام محمد سن کر درود پڑھنا
فتویٰ790:
اگر ہم موبائل وغیرہ پر بیان سنیں اور اس میں حضور ﷺ کا نام مبارک آئے تو کیا درود پڑھنا واجب ہو گا ؟
سائل : عمیر شاہد
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
جب بندہ کسی مجلس یا محفل وغیرہ میں موجود ہو اور حضو ر ﷺ کا نام مبارک سنے تو کم از کم ایک بار درود پڑھنا واجب اور ہر مرتبہ پڑھنا مستحب ہے ، موبائل وغیرہ میں بیان سننا مجلس ذکر میں حاضر ہونا نہیں لہذا درود پڑھنا واجب تو نہیں مگر مستحب پھر بھی رہے گا۔ بہار شریعت میں ہے : ” ہر جلسہ ذکر میں دُرود شریف پڑھنا واجب ، خواہ خود نام اقدس لے یا دوسرے سے سنے اور اگر ایک مجلس میں سو بار ذکر آئے تو ہر بار درود شریف پڑھنا چاہیے، اگر نام اقدس لیا یا سنا اور درود شریف اس وقت نہ پڑھا تو کسی دوسرے وقت میں اس کے بدلے کا پڑھ لے۔ “
(بہار شریعت جلد 1 ، حصہ 3 ، صفحہ 533)
مفتی قاسم صاحب لکھتے ہیں: ” کسی مجلس میں سرکارِ دو عالم ﷺ کا ذکر کیا جائے تو ذکر کرنے اور سننے والے کا ایک مرتبہ درود و سلام پڑھنا واجب ہے اور اس سے زیادہ مستحب ہے اور نماز کے قعدہ اخیرہ میں تشہد کے بعد درود شریف پڑھنا سنت ہے۔ “
(صراط الجنان، جلد 8 ، صفحہ 80)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
11 ربيع الاخر 1445ھ/ 27 اکتوبر 2023 ء