چاول کی کٹائی میں چاول بطور اجرت دینا
فتویٰ769:
چاول کی کٹائی میں چاول بطور اجرت دینا کیسا؟
سائل : ولید محمدبقیع
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
چاول کی کٹائی کے لئے اگر مخصوص کر کے اسی کاٹے جانے والے چاولوں میں سے اجرت طے کی تو ایسا کرنا بحکم حدیث ناجائز ہے ، ہاں اگر مطلقا چاول اجرت میں طے کئے بعد میں اس میں سے دے دئے تو حرج نہیں۔ بہار شریعت میں ہے : ” اجارہ پر کام کرایا گیا اور یہ قرار پایا کہ اسی میں سے اتنا تم اجرت میں لے لینا یہ اجارہ فاسد ہے مثلاً کپڑا بننے کے لیے سوت دیا اور یہ کہہ دیا کہ آدھا کپڑا اجرت میں لے لینا یا غلہ اُٹھا کر لاؤ اُس میں سے دوسیر مزدوری لے لینا یا چکی چلانے کے لیے بیل لیے اور جو آٹا پیسا جائے گا اُس میں سے اتنا اجرت میں دیا جائے گا یوہیں بھاڑ میں چنے وغیرہ بھنواتے ہیں اور یہ ٹھہرا کہ اُن میں سے اتنے بھنائی میں دیے جائیں گے یہ سب صورتیں نا جائز ہیں۔ ان سب میں جائز ہونے کی صورت یہ ہے کہ جو کچھ اجرت میں دینا ہے اس کو پہلے سے علیحدہ کر دے کہ یہ تمھاری اجرت ہے مثلاً سوت کو دو حصہ کر کے ایک حصہ کی نسبت کہا کہ اس کا کپڑابن دو اور دوسر ا دیا کہ یہ تمھاری مزدوری ہے یا غلہ اُٹھانے والے کو اُسی غلہ میں سے نکال کر دیدیا کہ یہ مزدوری ہے اور یہ غلہ فلاں جگہ پہنچادے۔ بھاڑ والے پہلے ہی اپنی بھنائی نکال کر باقی کو بھونتے ہیں اسی طرح سب صورتوں میں کیا جاسکتا ہے دوسری صورت جواز کی یہ ہے کہ مثلاً کہہ دے کہ دوسیر غلہ مزدوری دیں گے یہ نہ کہے کہ اس میں سے دیں گے پھر اگر اُسی میں سے دیدے جب بھی حرج نہیں۔“
( بہار شریعت جلد 3، حصہ 14 ، صفحہ 149)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
13 ربیع الاول 1445 ھ/ 30 ستمبر 2023 ء