عورت کا فارم کے لئے مرد سے تصویر کھینچوانا
فتویٰ730:
میں پردہ کرتی ہوں مگر بعض دستاویزات کے لئے تصویر کھینچوانا پڑتی ہے اور اکثر مر د ہوتے ہیں تو کیا میں گناہ گار ہوں گی ؟
سائل : بنت ریاض
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
جب تک ضرورت متحقق نہ ہو اس وقت تک مرد کے سامنے چہرہ کھولنے کی اجازت نہیں۔ اولا کوشش کی جائے کہ خواتین اسٹاف سے تصویر کھینچوائیں اور یہ سہولت اب میسر ہو جاتی ہے، اسی طرح پہلے کی پرنٹ کروائی ہوئی تصویریں رکھی ہوتی ہیں، جہاں ان سے کام چل سکتا ہو چلایا جائے۔ اب موبائل سے تصویر کھینچ کر ایڈٹ کر کے بھی کام چلایا جا سکتا ہے۔ جب تک یہ صورتیں موجود ہیں مرد کے سامنے چہرہ نہ کھولے اور بالفرض کوئی صورت نہ ہو یا آفس میں جا کر تصویر کھینچوانی ضروری ہو اور وہاں عورت نہ ہو تو ضرورت کے تحت چہرہ کھولا جا سکتا ہے اور کام ہوتے ہی فورا چہرہ چھپا لیا جائے۔ بہار شریعت میں ہے: ” اجنبی عورت کی طرف نظر کرنے کا حکم یہ ہے کہ اس کے چہرہ اور تھیلی کی طرف نظر کرنا جائز ہے، کیونکہ اس کی ضرورت پڑتی ہے کہ کبھی اس کے موافق یا مخالف شہادت دینی ہوتی ہے یا فیصلہ کرنا ہوتا ہے اگر اسے نہ دیکھا ہو تو کیو نکر گواہی دے سکتا ہے کہ اس نے ایسا کیا ہے اس کی طرف دیکھنے میں بھی وہی شرط ہے کہ شہوت کا اندیشہ نہ ہو ۔ “
(بہار شریعت ، جلد 3، حصہ 16 ، صفحہ 446)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
19 محرم الحرام 1445 ھ/ 07 اگست 2023 ء