سوتیلا باپ محرم ہے یا غیر محرم

سوتیلا باپ محرم ہے یا غیر محرم

فتویٰ679:

لڑکی کے لئے سوتیلا باپ محرم ہے یا غیر محرم؟

سائل : محمد عرفان

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

مرد نے اگر کسی لڑکی کی والدہ سے صحبت کرلی یا خلوت صحیحہ ہو گئی تو اب وہ مرد اس لڑکی کا محرم ہے یعنی اب سوتیلے باپ سے لڑکی کا نکاح ہمیشہ کے لئے حرام ہے البتہ لڑکی کو پر دہ کرنے نہ کرنے کا اختیار ہے۔ اور اگر مرد نے عورت سے صحبت نہیں کی نہ ہی خلوت صحیحہ ہوئی تو اب فقط عقد نکاح سے وہ لڑکی محرم نہیں ہو گی۔ اللہ پاک فرماتا ہے : ”وَ  رَبَآىٕبُكُمُ  الّٰتِیْ  فِیْ  حُجُوْرِكُمْ  مِّنْ  نِّسَآىٕكُمُ  الّٰتِیْ  دَخَلْتُمْ  بِهِنَّ فَاِنْ  لَّمْ  تَكُوْنُوْا  دَخَلْتُمْ  بِهِنَّ  فَلَا  جُنَاحَ  عَلَیْكُمْ “ ترجمہ : اور ان کی بیٹیاں جو تمہاری گود میں ہیں ان بیبیوں سے جن سے تم صحبت کر چکے ہو پھر اگر تم نے ان سے صحبت نہ کی ہو تو ان کی بیٹیوں میں حرج نہیں۔

(النساء: 23)

در مختار میں ہے: ”حرم بالمصاهرة بنت زوجته الموطؤة “ یعنی: مصاہرت کے سبب زوجہ موطؤہ کی بیٹی (سے نکاح) حرام ہے۔ اس کے تحت شامی میں ہے : ” اما الصحيحة فلا خلاف في انها تحرم البنت “ یعنی : خلوت صحیحہ سے متعلق کوئی اختلاف نہیں کہ اس سے سوتیلی بیٹی حرام ہو جاتی ہے۔

(شامی، جلد 4، صفحہ 110)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم

ابوالبنات فراز عطاری مدنی

22 شعبان المعظم 1445ھ/ 04 مارچ 2024ء

اپنا تبصرہ بھیجیں