جانور کی آنکھ میں چوٹ

جانور کی آنکھ میں چوٹ

فتویٰ599:

جانور کی آنکھ پر چوٹ لگی جس سے اس کی آنکھ سفید ہو گئی قربانی کا کیا حکم ہے؟

سائل : محمد عثمان عطاری

بسم الله الرحمن الرحيم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

اگر جانور کی ایک تہائی سے زیادہ بینائی چلی گئی ہے تو اس کی قربانی نہیں ہو گی ، اگر ایسا نہیں تو ہو جائے گی۔ بہار شریعت میں ہے: ” جس جانور کی تہائی سے زیادہ نظر جاتی رہی اوس کی بھی قربانی نا جائز ہے اگر دونوں آنکھوں کی روشنی کم ہو تو اس کا پہچاننا آسان ہے اور صرف ایک آنکھ کی کم ہو تو اس کے پہچانے کا طریقہ یہ ہے کہ جانور کو ایک دو دن بھوکا رکھا جائے پھر اوس آنکھ پر پٹی باندھ دی جائے جس کی روشنی کم ہے اور اچھی آنکھ کھلی رکھی جائے اور اتنی دور چارہ رکھیں جس کو جانور نہ دیکھے پھر چارہ کو نزدیک لاتے جائیں جس جگہ وہ چارے کو دیکھنے لگے وہاں نشان رکھ دیں پھر اچھی آنکھ پر پٹی باندھ دیں اور دوسری کھول دیں اور چارہ کو قریب کرتے جائیں جس جگہ اس آنکھ سے دیکھ لے یہاں بھی نشان کر دیں پھر دونوں جگہوں کی پیمائش کریں اگر یہ جگہ اوس پہلی جگہ کی تہائی ہے تو معلوم ہوا کہ تہائی روشنی کم ہے اور اگر نصف ہے تو معلوم ہوا کہ بہ نسبت اچھی آنکھ کی اس کی روشنی آدھی ہے۔ “

(بہار شریعت جلد 3 ، صفحہ 341)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم

ابوالبنات فراز عطاری مدنی

27 ذو القعد ہ1444ھ/17 جون 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں